آئینۂ دکن

موجودہ حالات سے مسلمان ہرگز مایوس نہ ہوں‘ پیغام بدر اور فتح مکہ سے عزم وحوصلہ پیدا کرنے کی ضرورت

حیدرآباد: 20/اپریل (پریس ریلیز) ملک کے حالات جس رخ پر جارہے ہیں اس بات کو لیکرہر صاحب فہم وعقل انسان فکر مند ہے۔ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تاریخ اسلام کے اسباق سے نصیحت حاصل کریں۔ رمضان المبارک کے مہینہ میں تاریخ اسلام میں کئی ایک معرکے پیش آئے اور جان نثار ان اسلام صحابہ کرامؓ نے اپنے جگرکالہو پیش کرتے ہوئے ثابت قدمی اور عزم وحوصلہ کی ایسی تاریخ رقم کی کہ اسے رہتی دُنیا تک یاد رکھاجائے گا۔ غزوہئ بدراور فتح مکہ سے ہمیں کئی ایک پیغام ملتے ہیں جس کے زریعہ ہم اپنے اندر یقین محکم پیدا کریں اور نظریہ اسلام پرمضبوطی کے ساتھ جم جائیں۔ ان خیالات کا اظہارجناب حافظ محمدرشاد الدین ناظم شہرجماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآبادنے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ یوم الفرقان کو مخاطب کرتے ہوئے ایم.جے. فنکشن ہال مادنا پیٹ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسولؐ نے 15سال کی محنت کوبدرکے میدان میں ڈال دیاتھا اور صحابہ کی ایک ایسی ٹیم تیار کی تھی جو ہر طرح سے اپنے نبی ؐکا ساتھ دینے کے لیے تیار تھی۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی اطاعت ضروری ہے اسکے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تدابیر کو اختیارکرنا سنت رسولؐ ہے اور نبی اکرمﷺ نے ہر موقع پر تدابیر کو اختیارکیا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے حافظ رشاد الدین نے کہا کہ رمضان جہاد کی تیاری کا بھی مہینہ ہے۔ اسلام کا عظیم الشان معرکہ غزوہئ بدر رمضان المبارک ہی میں پیش آیاتھا۔فتح مکہ کا واقعہ بھی رمضان میں ہوا۔ غزوہئ خندق کی تیاری بھی رمضان ہی میں کی گئی۔فتح مکہ کے حوالہ سے انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام کسی طرح شرک کو برداشت نہیں کرسکتا۔ ملک کی موجودہ صورتحال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں مایوس ہونے اور گھبرانے کی قطعاًضرورت نہیں ہے اور نہ ہم کسی جذباتی رد عمل کا مظاہرہ کریں اور نہ باطل کے آگے سرینڈر ہوں بلکہ ہر حال میں اپنے ایمان ونظریہ پر ثابت قدم رہیں اور عزم وحوصلہ کے ساتھ حالات کا مقابلہ کریں۔ جناب اقبال حسین سابق تنظیم ایس آئی او آف انڈیانے غزوہئ بدرکے عنوان پر مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ غزوہئ بدر ہمیں توکل،صبر،آپسی اتحاد اور عزم وحوصلہ کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتح ونصرت صرف حق کو ہی حاصل ہوگی۔ جناب مرزا محمداعظم علی بیگ سٹی سکریٹری نے واقعہ فتح مکہ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فتح مکہ کی ابتداء صلح حدیبیہ سے ہوچکی تھی۔ہمیں ان تاریخی اسلامی واقعات سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔ جناب محمدعماد الدین امیرمقامی یاقوت پورہ نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔برادر سعدبن خالدنے ترانہ پیش کیا۔برادر محمدفرقان یونٹ پریسیڈنٹ ایس آئی او یاقوت پورہ نے اس موقع پر ایس آئی او کی مقامی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی اور نوجوانوں سے تنظیم سے جڑنے کی اپیل کی۔ جناب محمدکلیم الدین ناظم ڈویژن رین بازار نے انتظامات کی نگرانی کی۔ اس موقع پرجناب محمدذکی الدین معاون امیرمقامی،جناب محمدبشیراحمدمقامی رکن شوریٰ بھی موجودتھے۔جناب محمدحسام الدین نے جلسہ کی نظامت کی۔

Related Articles

One Comment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×