اترپردیش اسمبلی انتخابات: بھاجپا نے جاری کی 107 نامزد امیدواروں کی فہرست، یوگی گورکھپور سے ہوں گے امیدوار
لکھنؤ: 15؍جنوری (عصرحاضر) یوپی انتخابات کے لیے بی جے پی کی پہلی فہرست آج جاری کر دی گئی۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان اور بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے پہلے اور دوسرے مرحلے کے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ پہلے مرحلے کی 58 میں سے 57 سیٹوں کے لئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلے کی 55 سیٹوں میں سے 48 سیٹوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ باقی نشستوں پر امیدواروں کے ناموں پر غوروخوض کیا جائے گا۔ یوگی آدتیہ ناتھ کو گورکھپور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
بہوجن سماج پارٹی نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے پہلے مرحلے کی 58 سیٹوں میں سے 53 پر اپنے امیدوار طے کرلئے ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے اپنے یوم پیدائش کے موقع پر میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ انہوں نے ساتھ ہی بتایا کہ دیگر پانچ سیٹوں پر بھی دو تین دن میں فیصلہ ہوجائے گا۔
مایاوتی نے اسمبلی انتخابات میں خود کے لڑنے کی خبر پر بھی صاف صاف جواب دیا۔ انہوں نے کہا، ’مودی کو میرے خلاف کوئی موضوع نہیں مل رہا ہے تو وہ آئے دن میرے الیکشن لڑنے کے موضوع کو اچھالتے رہتے ہیں۔ میں چار بار لوک سبھا اور تین بار راجیہ سبھا کی رکن رہی ہوں۔ میں نے اپنی پارٹی کے مفاد میں راست طور پر الیکشن لڑنے کی جگہ اپنے کارکنان کو جتانے کا کام کروں گی‘۔ ہمارے آئین میں یہ نظام ہے کہ کوئی بغیر الیکشن لڑے بھی اپنی اہلیت اور صلاحیت سے کسی ریاست کا وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے۔