احوال وطن

بھوپال میں 25 ہزار مسلمانوں کے گھروں پر بغیر نوٹس کے چلایا جارہا ہے بلڈوزر

بھوپال: 13؍دسمبر (عصرحاضر) ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے شمالی حلقے کی عارف نگر نواب کالونی میں ریلوے پٹری کے کنارے رہنے والے 25 ہزار مسلمانوں کو محکمہ ریلوے نے بغیر کوئی نوٹس دیئے ان کے مکانات کو منہدم کرنے کی کاروائی شروع کر دی ہے۔ جس کے بعد اس علاقے کے لوگوں میں افراتفری کا ماحول دیکھا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق وہ اس کالونی میں پچھلے بیس پچیس سالوں سے رہ رہے ہیں۔ لیکن کبھی بھی ریلوے کی جانب سے کسی بھی طرح کا نوٹس یا کوئی ایسی خبر نہیں دی گئی ہے کہ انہیں اپنے مکان خالی کرنا ہے۔ لیکن اچانک محکمہ ریلوے کے ذریعے کالونی میں آکر یہ کہا جاتا ہے کہ اس علاقے سے محکمہ ریلوے تیسری لائن کا کام شروع کرنے جا رہا ہے اس لیے اس علاقے کو پوری طرح خالی کیا جائے گا۔

اس اعلان کے بعد محکمہ ریلوے کے ذریعہ اور پولیس کی نگرانی میں ان غریب لوگوں کے مکانوں پر بلڈوزر چلائے جا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں لوگ رہتے ہیں اور اچانک جس طرح کا قدم محکمہ ریلوے کے ذریعے اٹھایا گیا ہے۔سردی کے موسم میں اپنے چھوٹے بچوں اور بزرگوں کے ساتھ کہاں جائیں؟۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ہم سے مکان خالی کروانا ہی تھا تو ہمارے لیے محکمہ ریلوے اور حکومت کم سے کم دوسری جگہ کا انتظام تو کر دیتی تاکہ سر چھپانے کی جگہ ہمیں مل جاتی ۔

بھوپال کے سماجی کارکنان کے مطابق جیسے ہی اس بات کا پتہ چلا کہ محکمہ ریلوے اس کالونی کے مکانات کو منہدم کرنے جا رہا ہے تو ہم نے اس کے خلاف احتجاج شروع کیا۔ اور ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا کی ان لوگوں کے لئے کہیں اور زمین کا انتظام کریں۔ وہیں سماجی کارکنان اور مقامی لوگوں نے شاہی اوقاف سے بھی اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ انہیں وہ کہیں پر بھی رہنے کی جگہ فراہم کرے۔

سماجی کارکنان کا کہنا ہے کی یہاں پر لوگ پچھلے پچیس پچاس سالوں سے رہتے چلے آرہے ہیں۔ مکان خالی کرنے کی بات کی جا رہی ہے مگر حکومت انہیں نہ تو زمین دے رہی ہے اور نہ ہی کسی طرح کا معاوضہ ۔

واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کے ذریعہ جس طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے وہ ایک طرح سے انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ کیونکہ نہ تو یہاں رہنے والے لوگوں کو اتنا موقع دیا گیا ہے کی وہ اپنا سامان حفاظت سے کہیں اور لے جا سکے۔ سردی کے موسم میں یہ لوگ اپنا سر کہاں چھپائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×