احوال وطن

بالی ووڈ کو خیر باد کہنے والی ثنا خان، مفتی انس گجراتی کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک

سورت: 21؍نومبر (عصر حاضر) حال ہی میں بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثنا خان، مفتی انس گجراتی کے ساتھ عین سنت کے مطابق رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔ گجرات کے انکلیشور کے قریب ایک علاقہ میں بہت سادگی کے ساتھ نکاح کی تقریب منعقد کی گئی۔  عالمی شہرت یافتہ صاحبِ نسبت بزرگ حضرت مولانا احمد لاٹ صاحب دامت برکاتہم نے ایجاب و قبول کروایا، محفلِ نکاح میں داعیٔ کبیر مولانا کلیم صدیقی صاحب ودیگر علماء نے شرکت کی۔ نکاح کی تصویریں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ جس کے بعد داعیٔ کبیر مولانا کلیم صدیقی صاحب نے ایک آڈیو ریلیز کرتے ہوئے بتلایا کہ مفتی انس ایک بہت معتبر عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ دعوتِ دین کے جذبہ سے سرشار ہیں۔ ان کی تصویروں کو لیکر سوشل میڈیا پر جو ہنگامہ کھڑا کیا گیا ہے وہ بالکل غلط ہے اس لیے کہ یہ دونوں اپنے اس نکاح کے عمل کو تصویر کشی سے گریز کرتے ہوئے عین سنت کے مطابق کرنے کا عزم کیے تھے اور  تقریبِ نکاح بھی بہت سادگی کے ساتھ منعقد کیا گیا جس میں سوائے چند مخصوص افراد کے کسی کو مدعو نہیں کیا گیا۔ جو تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں وہ گهر کے کسی فرد کی جانب سے لیکر شئیر کردی گئیں۔ مولانا کلیم صدیقی نے یہ اپیل کی کہ ان ویڈیوز کو ڈیلیٹ کردیں تاکہ عاقدین کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ ثنا خان کے آفیشیل اکاؤنٹ سے بھی تا حال کوئی اس طرح کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ نہ کوئی تصویر انسٹا گرام، ٹوئٹر یا دیگر اکاؤنٹس کے ذریعہ شئیر کی گئی۔ معروف اسکالر یاسر ندیم الواجدی نے سوشل میڈیا پر طوفانِ بدتمیزی سے متعلق اپنی فیس بک وال پر ایک پیغام لکھا کہ مفتی انس صاحب کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ ہمارے معاشرے کی خرابیاں دیکھتے ہوے جہاں انسان کو اس کے ماضی کے حوالے سے یاد کیا جاتا ہو، ان کے لیے یہ قدم اٹھانا شاید آسان نہ رہا ہو۔ ان کی اہلیہ ثنا خان پر بھی اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل ہے کہ وہ گندگی سے نکل کر باہر آئیں اور انھیں ایک عالم دین شریک حیات کے طور پر ملا۔ ان کی توبہ کی قبولیت کی یہ علامت ہے کہ مجلس نکاح میں وقت کے بڑے بڑے علماء اور داعین شریک تھے۔  اس موقع پر اہل علم کو چاہیے تھا کہ وہ زوجین کے لیے دعا کرتے اور اس نکاح کی خبر سے لبرلوں کو ہوے ہارٹ اٹیک کے بعد ان کی عیادت کرتے، لیکن کچھ اوچھی قسم کی پوسٹس دیکھ کر اچھا نہیں لگا۔ اللہ تعالی اس عظیم، جرات مند اور با غیرت خاتون کی آنے والی زندگی کو کامیاب کرے اور وہ دوسروں کے لیے نمونہ ثابت ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×