جنوبی ہند کا معروف ادارہ دارالعلوم سبیل الرشاد کا جلسہ دستاربندی و تقسیم اسناد
بنگلور: 17؍مارچ (عصر حاضر) شہر گلستان بنگلور اور جنوبی ہند کا مقبول ادارہ دارالعلوم سبیل الرشاد کا جلسہ دستاربندی اور تقسیم اسناد بتاریخ 5؍اپریل بروز اتوار ہونے والے اس جلسہ کیلئے مدرسہ کے احاطہ میں بڑے پیمانے پرتیاریاں شروع ہوچکی ہیں ۔ مولانا صغیراحمد رشادی مہتمم ادارہ نے کہا کہ 4 سال کے وقفہ کے بعد یہ جلسہ منعقد ہورہا ہے۔ اس عظیم الشان اجلاس میں ممتاز عالم دین مولانا محمد قمرالزماں الہ آبادی ، مولانا مفتی عبدالوہاب نیلور اور چند دیگر اہم علما شرکت کریں گے ۔ اس جلسہ میں 338 علما ،حفاظ اور قرا کی دستاربندی عمل میں آئے گی ۔ مدرسہ کے سابق مہتمم و ریاستِ کرناٹک کے امیر شریعت دوم حکیم الملت مولانا مفتی محمد اشرف علی باقوی قاسمی علیہ الرحمہ اور اُن کے فرزند مولانا احمد معاذ رشادیؒ کی رحلت کے بعد دارالعلوم سبیل الرشاد کا یہ پہلا جلسہ دستار بندی ہوگا۔ اس اجلاس میں ملک بھر سے علماء اور طلباء شریک ہوں گے۔ جنوبی ہند میں اس ادارے کے فارغین کی بڑی تعداد موجود ہے جو اپنے اپنے علاقوں میں مختلف دینی سرگرمیوں میں مصروف ہیں وہ بھی اس تقریب کی زینت بنیں گے۔