احوال وطن

بھارت – چین سرحد تنازعہ پر بات چیت کے لیے وزیر اعظم نے طلب کی کُل جماعتی میٹنگ

نئی دہلی۔ 18؍جون (عصر حاضر) وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ میں ہندوستان اور چین کی افواج کے مابین ہوئی جھڑپ کے بعد ایک کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ 19؍جون کو شام پانچ بجے یہ اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ اطلاع وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کی گئی ہے۔  اس میں بتایا گیا ہے کہ 19 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی ایک کل جماعتی میٹنگ کریں گے جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے صدور کو بلایا گیا ہے۔ میٹنگ میں ہندوستان۔ چین سرحد کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال ہو گا۔

وزیر اعظم دفتر کے ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ میٹنگ 19 جون کو شام پانچ بجے ہو گی۔ یہ کل جماعتی میٹنگ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے ورچوئل ہی ہوگی۔ میٹنگ میں کس کس پارٹی کو بلایا جائے گا ایسا ابھی کچھ بتایا نہیں گیا ہے۔

گلوان وادی میں ہوئے پرتشدد جھڑپ پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا پہلا بیان بھی آیا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے لکھا ’ گلوان میں فوجیوں کی شہادت بیحد تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔ جوانوں نے بہادری دکھاتے ہوئے اپنا فرض نبھایا اور شہید ہو گئے‘۔ راج ناتھ سنگھ نے آگے کہا کہ ملک جوانوں کی شہادت کو کبھی نہیں بھولے گا اور میں شہیدوں کے کنبوں کے ساتھ ہوں۔ اس مشکل وقت میں ملک کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ ہمیں ہندوستانی فوجیوں کی بہادری پر فخر ہے۔

اطلاعات کے مطابق، پیر کی رات کو دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی۔ پیر کی رات کو گلوان وادی کے پاس دونوں ملکوں کے بیچ چل رہی بات چیت کے بعد سے سب کچھ معمول نظر آ رہا تھا، تبھی چینی فوجیوں نے دھوکے سے ہندوستانی جوانوں پر حملہ کر دیا۔ اس پورے واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے ہندوستانی فوج نے کہا کہ 15 جون کی رات کو گلوان وادی علاقے میں پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی جس میں ہندوستان کے 20 جوان شہید ہو گئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×