احوال وطن

مہاراشٹرا حکومت نے رمضان المبارک میں افطار اور نمازِ تراویح کو لے کر جاری کی یہ نئی ہدایات

ممبئی: 19؍اپریل (عصر حاضر) ملک بھر میں کورونا سے متأثرہ افراد کی تعداد میں تقریبا پچیس فیصد ریاستِ مہاراشٹرا میں میں کورونا متأثرین سامنے آئے ہیں‘ تا حال ریاست مہاراشٹرا میں 4200؍کیسس کورونا مثبت پائے گئے‘ جس میں سے تا حال 507 روبہ صحت ہوچکے ہیں جبکہ 223؍افراد فوت ہوچکے ہیں اسی مسئلہ کی حساسیت کو لیکر مہاراشٹرا حکومت نے اہم ترین ہدایات جاری کی ہیں۔ چونکہ آئندہ ہفتہ سے رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہورہا ہے اس موقع پر مسلمان فرض نمازیں ، افطار اور تراویح کی نمازیں و دیگر عبادات اپنے اپنے گھروں میں ہی ادا کریں اور کوویڈ 19 بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جو احتیاطی تدابیر بتائی جا رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے جو احکامات دیے جا رہے ہیں ، ان پر سختی سے عمل کریں ۔ اس طرح کی ہدایات ( ایڈوائزری)  ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

ریاست میں کووڈ 19 بیماری کے پھیلاو کو روکنے کے لیے 3 مئی تک لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس دوران تمام عبادت گاہوں میں عبادت کرنے پر پابندی عائد ہے ۔ اسی لیے رمضان المبارک کے دوران بھی ان احکامات کی پابندی کی جائے اور مسجدوں میں نمازیں ، افطار اور تراویح نہ پڑھیں ۔ بلکہ انفرادی طور پر اپنے اپنے گھروں میں ان عبادات کا اہتمام کریں ۔ اس طرح کے احکامات مرکزی حکومت کی اقلیتی امور وزارت کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں ۔ اسی کے پیش نظر ریاستی حکومت کی جانب سے بھی ان احکامات پر عمل آوری کے لیے عوام کے لیے ہدایتیں جاری کی گئیں ہیں۔

رمضان المبارک کے دوران ان ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے اور اجتماعی افطار، نماز ، کسی بھی طرح کے دینی اور مذہبی پروگرام ، کھلے میدان میں ایک جگہ جمع ہو کر نماز پڑھنے یا افطار کرنے سے بچیں اور آئندہ احکامات تک ان ہدایتوں پر سختی سے عمل کریں۔  اس ضمن میں ریاست کے تمام کمشنرس ، کلکٹرس اور اعلیٰ پولس عہدیداروں کو ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں علما ، مذہبی رہنما ، سیاسی لیڈر ، سوشل ورکرس وغیرہ کے ذریعہ مسلمانوں سے اس بات کی اپیل کریں اور ان احکامات سے انہیں واقف کرائیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×