احوال وطن

دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھاجپا کے کنول پر چلا کیجریوال کا جھاڑو

نئی دہلی: 7؍دسمبر (عصرحاضر) دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) انتخاب کے نتائج 7 دسمبر کو آئے اور امید کے مطابق عآپ نے سب سے زیادہ 134 نشستیں حاصل کر میئر سیٹ پر اپنا دعویٰ کیا دیا ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن کا نتیجہ برآمد ہو چکا ہے اور اب سبھی سیٹوں کو لے کر پارٹیوں کا جائزہ شروع ہو گیا ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں اس بار 12مسلم امیدواروں نے فتح یابی حاصل کی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان 12 مسلم امیدواروں میں 9 خواتین شامل ہیں۔ یعنی 3 مرد مسلم امیدواروں کو اس بار کامیابی ملی ہے۔

جس طرح امید کے مطابق عآپ نے سب سے زیادہ 134 نشستیں حاصل کر میئر سیٹ پر اپنا دعویٰ کیا تو ہے لیکن حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ ایم سی ڈی الیکشن کے نتائج میں دوسرے نمبر پر آئی بی جے پی نے 104 نشستوں پر کامیابی کے باوجود ’میئر سیٹ‘ پر دعویٰ کر دیا ہے۔

دراصل بی جے پی کے کئی لیڈران کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھلے ہی سب سے زیادہ نشستیں عآپ نے جیتی ہیں، لیکن ایم سی ڈی میں میئر بی جے پی کا ہی ہوگا۔ بی جے پی نے آج شام 5.30 بجے دہلی بی جے پی یونٹ کے سبھی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی ہے اور اس میٹنگ میں انتخاب کے نتائج پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں بی جے پی نے شام 7.30 بجے سبھی جیتنے والے پارٹی کونسلرس کو بھی بلایا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایم سی ڈی میں اکثریت کے لیے کسی بھی پارٹی کو 250 وارڈ میں سے 126 سیٹیں جیتنی لازمی ہوتی ہیں۔ عآپ نے 134 سیٹوں پر جیت کا پرچم لہرایا ہے جو کہ اکثریت کے لیے ضروری نمبر سے 8 زیادہ ہیں۔ بی جے پی نے 104، کانگریس نے 9 اور دیگر نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ چونکہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں میئر کا انتخاب کونسلر کی طرف سے کیا جاتا ہے، اس لیے بی جے پی کے دعویٰ نے لوگوں کے ذہن میں کئی طرح کے سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ شہری بلدیاتی انتخاب میں ’دل بدل قانون‘ کا نفاذ نہیں ہوتا ہے۔ یعنی بی جے پی کے ذریعہ عآپ میں توڑ پھوڑ بھی کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی آئی ٹی سیل چیف امت مالویہ نے ایم سی ڈی الیکشن کے نتائج برآمد ہونے کے بعد دعویٰ کیا کہ اب دہلی کا میئر چننے کی باری ہے۔ یہ سب اس بات پر منحصر کرے گا کہ کون قریبی مقابلے میں نمبر پر گرفت بنائے رکھ سکتا ہے، کونسلر کس طرح سے ووٹنگ کرتے ہیں وغیرہ۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ جب ایم سی ڈی الیکشن کے بعد میڈیا چینلز رجحانات پیش کر رہے تھے تو بی جے پی لیڈر تیجندر بگا نے ٹوئٹ کر کہا تھا کہ دہلی میں پھر ایک بار بی جے پی کا میئر بنے گا۔ اتنا ہی نہیں، بی جے پی کے قومی ترجمان آر پی سنگھ نے بھی ایم سی ڈی میں بی جے پی کا میئر بننے کا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’میئر ہمارا۔ 15 سال کے اقتدار کے باوجود بی جے پی کا ووٹ شیئر ایک فیصد مزید بڑھا اور دہلی میں ہوئے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں عآپ کا ووٹ شیئر تقریباً 12 فیصد کم ہو گیا ہے۔‘‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×