احوال وطن

مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور کی مجلس شوری کا اجلاس اختتام پذیر

سہارنپور: 12؍اکتوبر (پریس ریلیز) مدرسہ مظاہر علوم کے سرپرستان کا اجلاس ادارہ کے دارالمشورہ میں گزشتہ کل حضرت حکیم کلیم الله علی گڑھ کی صدارت میں منعقد ہوا، اس اجلاس میں پہلے سے جاری کیے گئے ایجنڈہ کے مطابق بہت سے اہم فیصلے اور تجاویز منظور ہوئیں، سب سے پہلے مجلس شوری کے سابق رکن مفتی منظور احمد کانپوریؒ کے حادثۂ وفات، اسی طرح مدرسہ کے ناظم مولانا سید محمد سلمان مظاہریؒ کے انتقال پر تجویزِ تعزیت مدرسہ کے سکریٹری مولانا سید محمد شاہد الحسنی نے پیش کی، جسے مجلس شوری کے ارکان نے باتفاق رائے منظوری دی، سابقہ کارروائی کی تصدیق و توثیق کے بعد تعلیمی سلسلہ کی بحالی کے لیے مجلس شوری نے یہ طے کیا کہ حکومت کی جانب سے واضح رہنما ہدایات ملنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے اور اس کا اختیار مجلس شوری نے مجلس تعلیمی کو دیا ہے، مولانا محمد سلمان مظاہری کے انتقال کے بعد عہدۂ نظامت پر باضابطہ ناظم اعلی کے طور پر مولانا سید محمد عاقل کو مقرر کیا گیا اور مولانا سید محمد صالح اور مولانا سید محمد جعفر کو نائب ناظم متعین کیا گیا۔ مولانا سید محمد عثمان اور مولانا سید محمد ثوبان صاحبزادگان مولانا سید محمد سلمانؒ کی باقاعدہ شعبۂ تدریس میں تقرری عمل میں آئی۔ لاک ڈاؤن کے دوران مدرسہ کی انتظامیہ کی جانب سے لیے گئے فیصلوں کو بھی مجلس شوری نے منظوری دی اور اس دوران جن لوگوں نے مدرسہ کی خدمات انجام دیں اور طلبہ کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہونچانا آسان بنایا، مجلس شوری نے ان سب حضرات کے لیے شکریہ کی تجویز منظور کی۔

سالِ گزشتہ کے آمد و خرچ کو سکریٹری مدرسہ نے پیش کیا جس پر مجلس شوری نے اطمینان کا اظہار کیا، مدرسہ کی جانب سے جاری مکاتب قرآنیہ کے ناظم مولانا مفتی سید محمد صالح کی جانب سے مکاتب قرآنیہ کی تفصیلی رپورٹ اور ناظم مکاتب کی جانب سے بعض سفارشات شوری میں پیش کی گئیں، جن کی سماعت کے بعد مجلس شوری نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور ناظم مکاتب کی جملہ سفارشات کو مجلس شوری نے منظور کیا۔

اس اہم اجلاس میں سکریٹری مدرسہ اور شیخ الحدیث مدرسہ کے علاوہ حکیم کلیم الله، مولانا محمد غلام وستانوی، مولانا مفتی سید معصوم ثاقب، مولانا سید مکرم حسین سنسارپوری، مولانا روح الحق تمل ناڈو، حاجی محمد ابراہیم منیار سورت، حاجی علام رافع شروانی علی گڑھ، مولانا محمد عارف سرسادہ، حاجی سلامت الله دہلی نے شرکت کی، صدر اجلاس حضرت حکیم کلیم الله کی دعاء پر مجلس کا حسنِ اختتام ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×