ریاست و ملک
شہر کریم نگر کی معروف شخصیت اختر علی کا انتقال پُر ملال
کریم نگر: 3؍جون (عصرحاضر) مفتی محمد نوید سیف حسامی ایڈووکیٹ (سابق جنرل سیکریٹری جوائنٹ ایکشن کمیٹی کریم نگر) کی اطلاع کے مطابق کریم نگر کی جانی مانی شخصیت محترم اختر علی صاحب پروپرائٹر پیکاک ریسٹورنٹ ۳ جون کی صبح انتقال کرگئے، مرحوم موصوف شہر کی ایک معروف کاروباری شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ کئی ایک رفاہی و فلاحی اداروں کے ذمہ دار تھے جن میں مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی (نائب صدر)، سیوا کو آپریٹیو سوسائٹی (ڈائیریکٹر)، انجمن ترقی اردو(صدر) اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کریم نگر (صدر)، عزم آئی اے ایس اکیڈمی قابل ذکر ہیں۔ مرحوم کچھ عرصہ سے بیماری چل رہے تھے، آج صبح نماز فجر کے وقت انہوں نے آخری سانس لی، نماز جنازہ ۹ بجے مسجد افضل بیابانی کریم نگر میں ادا کی گئی اور تدفین سواران قبرستان میں عمل میں آئی۔
جناب اختر علی صاحب کی وفات؛ سرزمین کریم نگر اپنےایک عظیم محسن سے محروم
کریم نگر: 3؍جون (عصرحاضر) محمد عبد الحمید قاسمی کی اطلاع کے بموجب 03 /جون 2021بروز جمعرات مسجد محمودیہ سے متصل حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب (صدر قاضی کریم نگر ) کے مکان پر جناب اختر علی صاحبؒ(تاجر) کی تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس میں مفتی محمد یونس القاسمی صاحب مدظلہ العالی ناظم مدرسہ اشرف العلوم کریم نگر نے اپنے مرحوم جناب اختر علی صاحبؒ کی کامیاب تجارت کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم کا مختلف مسلک کے لوگوں کے ساتھ ایسا گہرا تعلق تھا کہ ہر کوئی آپ کو اپنا جماعتی اور اپنا ہم مزاج سمجھتا تھا، تجارت کے ساتھ دینی امور میں ہمیشہ پیش پیش رہتے، مزید فرمایا کہ غیر مسلم بھی آپؒ کی تجارت کے طور طریقوں سے بہت متأثر تھے، اس دور میں آپؒ جیسی صاف اور شفافیت کے ساتھ تجارت کرنے والی شخصیت کا ملنا نہایت مشکل ہے ، اس کے بعد مفتی غیاث محی الدین صاحب مدظلہ العالی ناظم مدرسہ عربیہ حفظ القرآن نے مرحوم کی مختلف فلاحی تنظیموں کی نمایاں خدمات اور تعاون ، ہر سال اسکول کٹس کتابیں وغیرہ کی تقسیم کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم کی صدارت میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت شہر کریم نگر میں ،شہریت ترمیمی قوانین (سی اے، اے) کی مخالفت میں میں بڑے پیمانے پر تاریخی جلوس نکالا گیا تھا جو آپ رحمة اللہ کا سب سے بڑا کارنامہ تھا جیسے خیالات کا اظہار فرمایا ، اس کے بعد مفتی اعتماد الحق صاحب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم بہت ہی ہمدردی اور انسانیت کا جذبہ، اور جھوٹوں کے ساتھ بہترین رویہ رکھنے کا مزاج رکھتے تھے اور ہر ایک کی شخصیت اور مرتبہ کا لحاظ کرنے کے ساتھ علماء کے بڑے قدرداں تھے، مرحوم کی "عزم اکیڈمی” کے تحت بڑی خدمات رہی ہیں آخر میں مفتی محمد اعتماد الحق صاحب نے جناب اختر علی صاحب کی وفات کو ملت کے لئے بڑا نقصان اور خسارہ قرار دیا، بعد ازاں قاضی احمد منقبت شاہ خان صاحب نے مرحوم کی زندگی کے ایک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ مرحوم اپنے دل میں خاص صفت "خوفِ خدا” رکھا کرتے تھے-واضح رہے مرحوم شہر کریم نگر کی مشہور ہوٹل "پیکاک ریسٹورنٹ” کے مالک تھے علماء عوام میں کافی مشہور اور مقبول تھے اس کے علاوہ مرحوم نے مسلمانوں میں تعلیمی ترقی و انقلاب کی غیرمعمولی کوششیں کی ہیں. مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کریمنگر، عزم آئی اے ایس اکیڈمی، انجمن اردو ترقی کریمنگر کے ذمہ داریوں کے علاوہ دیگر مختلف عہدوں پر فائز تھے، مرحوم کئی دنوں سے بیمار تھے آج 03 جون 2021 بروز جمعرات فجر کے وقت دنیائے فانی سے دار بقا کی طرف کوچ فرما گئے،نماز جنازہ 10 بجے مسجد افضل بیابانی میں ان کے فرزند نے پڑھائی اور تدفین سواران قبرستان میں عمل میں آئی، اللہ تعالٰی مرحوم کی تمام خدمات کو قبول فرمائے اور ان کی مغفرت فرمائے، اس موقع پر مولانا عمر فاروق صاحب قاسمی ،مفتی محمد صادق حسین صاحب قاسمی، مولانا کاظم الحسنی صاحب،حافظ محمد معظم حسین صاحب فیضی ،مفتی محمد نوید سیف صاحب حسامی ، مفتی محمد عبد الحمید قاسمی، مولانا خواجہ فرقان علی صاحب قاسمی، مفتی شعیب علی قاسمی، حافظ محمد ضیاء اللہ خان صاحب،حافظ محمد وسیم الدین صاحب، حافظ امجد صاحب، حافظ صادق علی صاحب، و دیگر موجود تھے ، مفتی غیاث محی الدین صاحب مدظلہ العالی ناظم مدرسہ عربیہ حفظ القرآن کی دعا پر نشست کا اختتام عمل میں آیا -۔
جناب اختر علی صاحب (مالک پیکاک رسٹارنٹ) کی ملی رفاہی اور فلاحی خدمات ناقابل فراموش
مفتی محمد اعتماد الحق قاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء کریمنگر کا تعزیتی بیان
حافظ محمد صادق علی صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء کریمنگر کی اطلاع کے بموجب جناب اختر علی صاحب (صدر عزم آئی اے ایس اکیڈمی و صدر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کریمنگر و مالک پیکاک رسٹارنٹ) کا آج بتاریخ 3 جون بروز جمعرات صبح کی اولین ساعتوں میں انتقال ہوگیا، مفتی محمد اعتماد الحق قاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء کریمنگر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ جناب اختر علی صاحب کی ملی رفاہی اور فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں اللہ رب العزت نے آپ کو کئی ایک خوبیوں کا مالک بنایا تھا، مزاج میں صبر و تحمل، شستہ اور شائستہ رکھ رکھاؤ، زبان میں مٹھاس عاجزی و تواضع کے مالک، علماء کی قدر دانی آپ کی پہچان رہی، آپ جس طرح ایک کامیاب تاجر تھے اسی طرح ملت کا درد رکھنے والے ایک فکر مند شخصیت بھی تھے، نونہالان امت کی تعلیم کی فکر اور عملی طور پر کوششیں ہی تھیں کہ عزم آئی اے ایس اکیڈمی کریمنگر کا قیام عمل میں لایا گیا اور مفت آئی اے ایس کوچنگ کی مثالی خدمات کا آغاز ہوا، جمعیۃ علماء کریمنگر کے تحت اردو آفیسر گریڈ 1 اور گریڈ 2 کے امتحانات کے لیے 2018 میں کریمنگر میں کوچنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا اور کوچنگ دی گئی جس میں تقریباً سو افراد شریک ہوئے اور قابل و مخلص اساتذہ کی محنتوں سے 11 افراد منتخب ہوکر سرکاری ملازمت حاصل کیے، اس سارے کوچنگ کے مرحلے جناب اختر علی صاحب کی کوششوں سے پورے ہویے، جمعیۃ علماء کریمنگر کے پلیٹ فارم سے جناب اختر علی صاحب کی ایسی انگنت خدمات و یادیں وابستہ ہیں، آپ یقیناً اس شعر کے مصداق تھے :
ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں
ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
اللہ رب العزت آپ کی مغفرت فرمائے آپ کے حسنات کو قبول فرمایے آپ کے برادران جناب ذویق صاحب جناب زعیم صاحب جناب مظفر منا صاحب جناب فضل صاحب اور فرزندان ودختر اہلیہ وافراد خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے.۔
Masha Allah Good site for all in one gid bless you the team of Asr hazir …