احوال وطن

دین کے ہر شعبہ کو مضبوط کرنے میں علماء کا شامل ہونا ناگزیر

کریم نگر: 23؍نومبر (محمدعبدالحمید) حافظ محمد وسیم الدین کی اطلاع کے مطابق مسجد مکرم کریم نگر میں 22 نومبر بروز اتوار بعد نماز ظہر  تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں کی جانب سے شہر کے علماء کرام کا جوڑ رکھا گیا، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر مفتی حسام الدین صاحب استاذ مدرسہ خیرالمدارس حیدرآباد نے شرکت کی۔ مفتی صاحب نے علماء کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین کے مختلف کام اور مختلف شعبے ہیں اور ہر شعبہ کو مضبوط کرنا اور اس میں علماء کا شامل ہونا ناگزیر ہے،علماء کرام کے لئے خصوصا امامت وخطابت اور مدارس ومکاتب کی لین سے محنت کرنا اور ان کا تعاون کرنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے۔مفتی صاحب نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دین کا ایک اہم شعبہ دعوت وتبلیغ بھی ہے کہ جس کا کام ساری دنیا میں پھیلا ہوا ہے، جس کی محنت کے نتیجہ میں ایمان و ہدایت کی ہوائیں اللہ تعالی نے پوری دنیا میں چلائی، اور بڑے سے بڑے گناہ گاروں کو اس کام کے ذریعہ سے توبہ کی توفیق ہوئی اور وہ راہ راست پر آئیں،اس کام میں بھی علماء کا جڑنا اور اس کام میں وقت لگانا یہ بھی دین کا تقاضہ ہے۔مفتی صاحب نے جماعتوں کی کارگزاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے گوشے گوشے میں اور بیرون ملک جماعتیں اللہ کے بندوں کو اللہ سے جوڑنے میں لگی ہوئی ہیں اور اس کے  بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں،خصوصا بیرون ممالک میں جماعتوں کی چلت پھرت کے ذریعہ سے  دین سے بیزار اور اسلام سے دور لوگوں میں ایمان ویقین کی شمع روشن ہورہی ہے اور ان کی نسلوں کے ایمان کا تحفظ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ مفتی صاحب کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا۔اس موقع پر شہر کے ممتاز علماء کرام اور نوفارغ فضلاء بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×