احوال وطن

کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست میں متعدد مسائل پر غورو خوض کیا گیا

کانپور:03؍اکٹوبر (پریس ریلیز) دور جدید میں پیش آنے والے نئے اور پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے شہر کانپور کے جید علماء و مفتیان پر مشتمل کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست عصر تا عشاء اکیڈمی کے آفس جمعیت بلڈنگ رجبی روڈ میں اکیڈمی کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں دور جدید کے کئی پیچیدہ اور اہم مسائل پر قرآن و سنت کی روشنی میں غور و خوض کے بعد حتمی فیصلہ لیا گیا۔
میٹنگ میںنماز باجماعت میں اگلی صفیں مکمل ہونے کے بعد اگر تنہا ایک شخص پیچھے رہ گیا یا بعد میں آیا تو تنہا اکیلے صف میں کھڑے ہوکر نماز باجماعت پڑھنا جائز ہے ،البتہ اگر اگلی صف میں دائیں یا بائیں کسی جانب کوئی مسائل سے واقف شخص موجود ہو اور معمولی اشارہ سے پیچھے آ جائے اور اس کے ساتھ کھڑا ہو جائے توایسا کر لینا بہتر ہے بشرطیکہ دونوں ہی شخص مسائل سے اچھی طرح واقف ہوں۔ اگر مسائل سے واقف نہ ہوں جیسا کہ اس زمانہ میں جہالت کا غلبہ ہے تو ایسی صورت میں امام کے پیچھے تنہا صف میں کھڑے ہونے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
دوسرے مسئلہ حادثات خصوصاً سڑک حادثات میں جو جانی یا مالی نقصان ہوتا ہے تو نقصان یا حادثہ کا شکار شخص اگر انشورینس کمپنی سے ہرجانہ وصول کرتا ہے تو اب اس کیلئے ڈرائیور یا گاڑی کے مالک سے کوئی تاوان وصول کرنا درست نہ ہوگا ۔ البتہ باہمی رضا مندی سے فریقین کا کسی رقم پر مصالحت کرلینا جائز ہے۔
تیسرے مسئلہ میں بیوی کی اجازت اور مرضی کے بغیرشوہر کا کسی بھی معاشی تعلیمی یا تبلیغی ضرورت سے چارماہ سے زائد بیوی سے دور رہنا شرعاً ناجائز اور بیوی کی حق تلفی ہے۔ سال دو سال کیلئے بیرون ملک جانے کے بجائے قریبی ذرائع تعلیم ومعاش اختیار کرنا چاہئے ،اگر بیوی اجازت دے اور فتنہ سے اطمینان ہوتو لمبی مدت کیلئے باہر جانے کی شرعاً اجازت ہے۔
میٹنگ میں اگلی نشست2؍ربیع الاول1441؁ھ مطابق 31؍اکتوبر2019 ؁ء بروزجمعرات جمعیۃ بلڈنگ میں طے پائی گئی ۔ نشست میں اکیڈمی کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی، نائب صدر مولانا خلیل احمد مظاہری، جنرل سکریٹری مفتی اقبال احمد قاسمی اور سکریٹری مفتی عبدالرشید قاسمی کے علاوہ دیگر ممبران مفتی اسعد الدین قاسمی،مولانا محمد انیس خاں، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی، مفتی سعد نور قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی،مفتی عزیز الرحمن قاسمی، مفتی سعود مرشد قاسمی،مولانا مفتی حفظ الرحمن قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی کے علاوہ مدعو خصوصی مولانا محمد ادریس قاسمی بھی شریک رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×