ریاست و ملک

مولانا سید محمد طلحہ قاسمی جامعہ محمودیہ اشرف العلوم کے ناظم اعلیٰ منتخب

کانپور:24؍جولائی (پریس ریلیز) حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی صاحب ؒکے سانحہ ارتحال کے بعد ان کا قائم کردہ ادارہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کانپور اور ان کالگایا ہوا چمن،ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ شاید بروقت کوئی دوسری شخصیت اس چمن کی آبیاری کیلئے میسر نہ ہو سکے اور خدا نخواستہ مولانا کی جانب سے جاری کردہ سارے کام کہیں تعطل کا شکار نہ ہو جائیں۔ ادارہ کے ذمہ داران،شہر کے مخیر احباب اورادارہ کے ہمدردان انتہائی فکر مند تھے۔ ایک طرف مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی صاحبؒ کا اچانک رخصت ہو جانا وہی غم بہت بڑا تھا دوسری جانب ادارہ کو اسی رخ پر اسی شان وشوکت کے ساتھ اسی قوت کے ساتھ جاری رکھنا بھی آسان نظر نہیں آ رہا تھا۔ الحمد للہ شہر کے مخلص مخیر احباب کے مشورے سے ادارے کی سوسائٹی نے باتفاق آراء معروف عالم دین مشہور مفسر قرآن حضرت مولانا سید محمد طلحہ صاحب قاسمی نقشبندی بھونڈی مہاراشٹر(جو مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ ؒکے انتہائی قریبی رشتہ دار،سگے خالہ زاد بھائی،طرفین سے سالے بہنوئی اور سمدھی ہیں)ان سے اس ذمہ داری کو قبول کرنے کی درخواست کی۔جس پر مولانا نے اپنائیت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا اسامہ قاسمیؒ کے صاحبزادے اور اپنے بھانجے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے سر پر سرپرستی کا ہاتھ رکھتے ہوئے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود اس ذمہ داری کو قبول کیا اور وعدہ کیا کہ میں انشاء اللہ وقتاً فوقتاً آتا رہوں گا، ادارے کی نگرانی کروں گا اور انشاء اللہ جس طرح ادارہ پہلے چل رہا تھا چلتا رہے اس کیلئے پوری کوشش کروں گا۔مدرسہ کے جملہ اساتذہ، سوسائٹی کے عہدیداران اور مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے مخلصین و محبین نے حضرت مولانا سید محمد طلحہ صاحب قاسمی کا شکریہ ادا کیاکہ انہوں نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود اس اہم ذمہ داری کو قبول کرکے ادارے کو اپنا بھرپور تعاون عطا فرمایا۔ انشاء اللہ حضرت مولانا سید محمد طلحہ صاحب قاسمی جامعہ محمودیہ کے اسی منصب پر بیٹھیں گے جس پر مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب بیٹھ کر خدمات انجام دے رہے تھے۔
حضرت مولاناطلحہ صاحب نقشبندی کے چھوٹے بھائی معروف عالم دین اور جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ناظم تنظیم حضرت مولانامفتی سیدمحمد حذیفہ صاحب قاسمی بھونڈی مہاراشٹر (جو مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب کے ہم عمر، ہم درس، بے تکلف ساتھی اور قریبی رشتہ دار طرفین سے سالے بہنوئی ہیں)انہوں نے بھی اپنی تمام مصروفیات کے ساتھ ادارے کو،علاقہ کو اور مولانا کے تمام محبین و مخلصین کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جب کبھی میرا اس علاقہ میں آنا ہوگا تو میں انشاء اللہ ادارہ میں ضرور حاضری دوں گااور میری ذات سے جس قسم کا بھی تعاون ہو سکے گااس کیلئے تیار رہوں گا۔
جامعہ محمودیہ کے استاذ اور مولانا متین الحق اسامہ قاسمیؒ کے معتمد خاص مولانا محمد فرید الدین قاسمی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے شہر،صوبہ و ملک میں مولانا کے تمام متعلقین و مخلصین سے مولانا کے قائم کردہ اس چمن کے پھلنے، پھولنے اور ترو تازہ رہنے کی دعاء کی درخواست کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×