احوال وطن

کرناٹک: اوڈپی کے ایک سرکاری کالج کی طالبات کو حجاب پہن کر کلاس روم میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

اوڈپی: 2؍جنوری (عصرحاضر) کرناٹک  کے اُوڈپی ضلع  کے ایک سرکاری کالج کی جانب سے ہفتہ کو مبینہ طور پر کچھ طالبات کو حجاب پہن کر کلاس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اس کی اطلاع ضلع عہدیداروں نے دی۔ اس واقعہ پر ہندوستانی اسلامی تنظیم کے کچھ ارکان اور کالج کے طالبات نے شدید اعتراض ظاہر کیا ہے۔

کالج کی ایک طالبہ نے بتایا، ’ہم میں سے جو حجاب پہنے ہوئے تھے، اُنہیں کلاس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔‘ ذرائع کے مطابق، اسلامی تنظیم کے کچھ ارکان کے ساتھ کالج کے کچھ طالبات کے ایک وفد نے اس واقعہ کے بارے میں ضلع کلکٹر کورم راو سے رابطہ کیا۔ جن پانچ لڑکیوں کو کلاس میں حجاب پہن کر آنے سے روک دیا گیا تھا، وہ لڑکیاں بھی وفد میں شامل تھیں۔
کلکٹر نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے میں کالج کے پرنسپل سے بات کی ہے۔ ایک طالبہ نے کہا، ’ہمیں اپنے والدین کو کالج لانے کے لئے کہا گیا تھا، لیکن جب وہ پہنچے تب اسکول کے ذمہ داران نے اُنہیں تین سے چار گھنٹے تک انتظار کرایا۔‘ ایک اور طالبہ کا کہنا ہے کہ، ’حجاب پہننا شروع کرنے سے پہلے سب کچھ ٹھیک تھا لیکن اب ہمارے ساتھ اس طرح سے بھید بھاو کیا جارہا ہے۔‘

وومنس پی یو کالج کی چھ مسلم طالبات نے الزام لگایا ہے کہ پرنسپل اُنہیں کلاس میں حجاب پہننے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ طالبات نے یہ بھی شکایت کی کہ اُنہیں اردو، عربی اور بیری زبان میں بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ طالبات تین دن سے احتجاج کے طور پر کلاس کے باہر کھڑی ہیں۔ طالبات نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے والدین نے پرنسپل رودر گوڑا سے رابطہ بھی کیا، لیکن انہوں نے اس موضوع پر بات چیت کرنے سے صاف انکار کردیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×