احوال وطن

کالول شہر گجرات:بے قصور مسلم مردو خواتین کو بلاتاخیر رہا کیا جائے

نئی دہلی: 14/جولائی (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی نے گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کو خط لکھ کرکالول ضلع پنچ محل میں رونما ہوئے واقعات کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کیے گئے بے قصور مردو خواتین کو بلاتاخیر رہا کیا جائے اور مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر جس طرح پولس عملہ نے زیادتی کی ہے، اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔مولانا مدنی نے اس سلسلے میں پولس اعلی افسران کو ہدایت دینے کی بھی اپیل کی ہے کہ وہ وہاں کی مسلم اقلیت کے تشویش کو فوری طور سے ایڈریس کرے۔
واضح ہو کہ گزشتہ ہفتہ گائے گوشت لے جانے کی ایک افواہ کی بنیاد پر گؤ رکشک (بجرنگ دل) کے کارکنان نے معمر شخص محمد حنیف ابراہیم پٹیل کی بے رحمی سے پٹائی کی اور ان کو پولس کے حوالے کردیا اور پھر شہر کے امن و امان کو بگاڑتے ہوئے ۱۰/جولائی کو سو افراد پر مشتمل ایک ریلی نکالی، جس میں اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے، پولس نے ان کے جلوس کو اجازت دی اور ان کے کہنے پر تین نوجوانوں کو تھانہ طلب کیا، تھانے میں پولس کی موجودگی میں بجرنگ دل کارکنان نے ان نوجوانوں کو مارنا شروع کردیا۔ مقامی مسلمانوں نے پولس تھانہ پہنچ کر ان نوجوانوں کو رہا کرنے کی اپیل کی، جس کی وجہ سے پولس اور مقامی لوگوں میں تصادم کی صورت حال پیدا ہوگئی۔
بعد میں پولس نے ا س کا بدلہ لیتے ہوئے کالول تحصیل میں گھروں میں گھس کر عورتوں او ربچوں سے مار پیٹ کی، یہاں تک کہ عدت گزار رہی خواتین کے ساتھ بھی مار پیٹ کی اور جبرا ان کو پولس اسٹیشن اٹھا کر لے گئی، ایک اپاہج شخص کو سات بار بے رحمی سے پیٹا گیا، پولس نے فحش کلمات کہے اور کھلم کھلا خواتین کو گالیاں دیں، حاملہ عورتوں پر زیادتی کی،خواتین کے سامنے کھلے میں کھڑ ے ہو کر پیشاب کیا، عورتوں کے کپڑے پھاڑ دیے۔مقامی لوگوں کی رپورٹ کے مطابق پولس نے عورتوں پر جنسی حملے بھی کئے اور ان کے مردوں کو ’باولے‘ اور’نامرد‘ کہا اور ان کے گھروں میں توڑ پھوڑ کیے۔
بعد میں ایک سو دس لوگوں کو گرفتار کرکے نذر زنداں کردیا گیا جن میں کئی خواتین یہاں تک کہ دودھ پیتا ایک سال کا بچہ بھی شامل ہے، گرفتاری سے متعلق سارے قوانین کو توڑتے ہوئے خواتین کو رات کے وقت گرفتار کیا گیا۔
ان تمام واقعات کو لکھ کر مقامی مسلمانوں کے ایک وفد نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کو خط ارسال کیا ہے اور ان سے انصاف دلانے کی درخواست کی ہے، جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا مدنی نے ان کا خط موصول ہوتے ہی گجرات کے وزیر اعلی کو خط لکھا ہے اور ریاستی جمعیۃ علماء گجرات کو ہدایت دی ہے کہ ان معاملا ت پر نگاہ رکھیں اور بے قصور افراد کو انصاف دلانے میں ہر ممکن مدد کریں۔اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کالول کے مقامی مسلمانوں سے فون پر بات چیت کی ہے اور ان کو صبر کی تلقین اور امن و امان بنائے رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×