احوال وطن

سینٹرل وسٹا پروجیکٹ سے مساجد کا تحفظ یقینی بنایا جائے

نئی دہلی: 9/ جون (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے دہلی میں جاری وسٹا پروجیکٹ کے تحت آنے والی مساجد کو لے کر اپنی فکر مندی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیر برائے رہائش اور شہری ترقیاتی امور حکومت ہند شری ہردیب سنگھ پوری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ بہر صورت ان مساجد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا منفی رویہ قبول نہیں کیا جائے گا اور نہ کوئی متبادل کی گنجائش ہے۔ واضح ہو کہ مذکورہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے زیر احاطہ علاقے میں (۱) ضابطہ گنج مسجد (مان سنگھ روڈ)(۲) رکاب گنج مسجد (گردوارہ شری رکاب گنج صاحب کے قریب)(۳) کرشی بھون مسجد (کرشی بھون)(۴)  سنہری باغ روڈ مسجد (نزد ادھیوگ بھون)(۵) ایک عوامی مسجد جو کہ بعد میں نائب صدر جمہوریہ ہند ہاؤس کا حصہ بنادی گئی)کی مسجدیں آتی ہیں۔ان مساجد کو لے کر عوامی طور پر منفی خدشہ پایا جارہا ہے، اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے ان تمام مساجد کا گزشتہ ۶ /جون کو دورہ بھی کیا ہے اور فردا فردا ساری مساجد کے احوال جمع کیے ہیں۔اس وفد میں مولانا ان کے علاوہ قاری عبدالسمیع نائب صدر جمعیۃ علما ءصوبہ دہلی، مولانا ضیا ءاللہ قاسمی مولانا یسین جہازی اور عظیم اللہ صدیقی شامل تھے۔
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ یہ مساجد ہماری قدیم عالمی وراثت کا حصہ ہیں، بہر صورت جن کی حفاظت کی جانی چاہیے، اگر ان کو نقصان پہنچایا گیا تو دنیا بھر میں ملک بدنامی ہو گی اور ایک مخصوص طبقہ کی شدید دل آزاری بھی ہو گی۔ اس لیے ان کی حفاظت کے لیے حکومت ہند کے پاس ٹھوس منصوبہ ہو نا چاہیے جس کا وہ وضاحت کے ساتھ اعلان بھی کرے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ با لا چاروں مساجد اس وقت آباد ہیں۔ رہ گئی بات نائب صدر جمہوریہ ہند کی رہائش گاہ کے احاطے میں واقع مسجد کی، تو جمعیۃ علماء ہند نے اس بات زورد یا ہے کہ اسے بھی مقصد اصلی کے استعمال کے لیے محفوظ رکھنا چاہئے۔ ہمارے پاس یہ مصدقہ معلومات ہیں کہ 2016-17 کے اخیر تک مذکورہ مسجد بھی آباد تھی۔چونکہ نائب صدر کی رہائش گاہ اور اس کے ساتھ منسلک کمپاؤنڈ بھی وزارت رہائش و شہری امور حکومت ہند کے زیر انتظام ہے، لہذا ہم محترم وزیر (رہائش اور شہری امور) سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ جمعیۃ کے وفد کو کسی وقت مقررہ پر مذکورہ مسجد کے معائنے کی سہولت فراہم کریں۔جمعیۃ علماء ہند کی ٹیم باضابطہ اس مسجد کا معائنہ کرنا چاہتی ہے تا کہ یہ ا مر یقینی طور سے معلوم ہو جائے نائب صدر جمہوریہ ہند کی رہائش گا لان میں واقع مسجد اپنی حالت اصلی میں محفوظ ہے، کیوں کہ وہ مسجد بھی ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×