ریاست و ملک

جمعیۃ علماء ہند کی قومی مجلس عاملہ کا اجلاس، حضرت امیر الہند کی رحلت پر اظہارِ تعزیت و ایصالِ ثواب

نئی دہلی: 27/ مئی (پریس ریلیز) جمعیۃ علما ء ہند کی قومی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس اس کے صدر دفتر نئی دہلی میں واقع مدنی ہال میں حضرت مولانا رحمت اللہ صاحب کشمیری رکن شوری دارالعلوم دیوبندکے زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس میں سابقہ کارروائی کی خواندگی اورامیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نوراللہ مرقدہ کے وصال پر تجویز تعزیت اور ایصال ثواب کے بعد جمعیۃ علماء ہند کی صدارت کی خالی جگہ کو پر کرنے پر غور و خوض ہوا۔ چنانچہ تمام ارکان کے اتفاق سے مولانا محمود مدنی کو جمعیۃ علماء ہند کا عارضی صدر منتخب کیا گیا، جس کا اعلان صدر اجلاس مولانا رحمت اللہ کشمیر ی نے کیا۔اس کے بعدآگے کی کارروائی نو منتخب صدرکے زیر صدارت مکمل ہوئی۔
مولانا مدنی کے صدر منتخب ہونے کی وجہ سے چوں کہ ناظم عمومی کا منصب خالی ہو گیا، اس لیے ناظم عمومی کے لیے عارضی طور پر مولانا حکیم الدین قاسمی کا نام طے کیا گیا۔مجلس عاملہ میں جمعیۃ علماء ہند کے ضلعی و صوبائی انتخابات کے لیے جاری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ملک کے مختلف حصوں میں درپیش لاک ڈاؤن کی وجہ سے ا س کام کے لیے مزید تین ماہ کی توسیع کردی گئی۔مجلس عاملہ نے دونوں جمعیتوں کے انضمام سے متعلق اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سابقہ موقف کی توثیق کی۔
مجلس عاملہ نے اس کے علاوہ مسئلہ فلسطین اور مسجداقصی کی موجودہ صورت پر ایک اہم تجویز میں کہا کہ”جمعیۃ علماء ہندکی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس ظالم اور دہشت گرد اسرائیلی فوج کے ذریعہ مسجد اقصیٰ کے صحن میں نمازیوں پر حملہ اور اس کی حرمت کی پامالی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔حال میں اسرائیل نے جس طرح مسجد اقصی کی توہین کی ہے اور اس کے بعد غزہ میں فضائی حملہ کرکے دو سوے زائد لوگوں کا قتل کیا ہے جن میں ۰۷بچے اور خواتین شامل ہیں، اس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں حکومت ہند نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ قابل اطمینان ہے، موجودہ حالات میں جمعیۃ علما ہند یہ مطالبہ کرتی ہے (۱) غزہ میں بھیانک جنگی جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل پر بین الاقوامی جنگی عدالت میں مقدمہ چلایاجائے۔ مسجد اقصی کے تحفظ کو یقنی بنایا جائے، بیت المقدس سے اسرائیل اپنا غاصبانہ قبضہ فوراً ہٹائے اور اوسلو معاہدہ کے مطابق القدس شہر کا کنٹرول فلسطینیوں کے حوالے کیا جائے (۲) عالمی برادری ایک خودمختار آزاد فلسطینی ریاست کو فوری طور پر قائم کرنے میں تعاون کریں، پناہ گزیں فلسطینی عوام کی بازآبادکاری اور وطن واپسی کے لیے راہ ہموار کی جائے، عرب مقبوضہ علاقوں کو اسرائیل خالی کردے۔(۳) اسرائیل کو مشرقی یروشلم میں کسی طرح کی تعمیر نو سے باز رکھا جائے،یہ قدم بین الاقوامی معاہدوں کی شدید خلاف ورزی ہے۔(۴) غزہ میں جس وسیع پیمانے پر رہائشی مکانات کو مسمار کیا ہے، ان کی تعمیر و بازآبادکاری کے لیے اسرائیل سے مطالبہ اولین ضرورت اور انصاف کا تقا ضہ ہے (۵)جنگ بندی کے اعلان کے برخلاف اسرائیل مستقل مسجد اقصی اور متصل علاقوں میں بے قصور فلسطینی شہریوں پر ظلم و تشدد کی کارروائی کررہا ہے، اسے اس ظالمانہ عمل سے باز رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔“
اجلاس میں جمعیۃ علما ء ہند کے سابق صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نوراللہ مرقدہ پر ایک تجویز تعزیت منظور کی گئی، تجویز میں خاص طور سے کہا گیا ”کہ آپ کا دور صدارت (مارچ۲۰۰۸ء تا مئی۲۰۲۱ء) جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ کے روشن باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔اس دور میں جمعیۃ علما ء ہند نے مختلف شعبہ ہائے حیات میں کارہائے نمایاں انجام دیے جن کا اعتراف بجا طورپر سارے عالم میں کیا گیا، اس روشن باب کی ایک بڑی خاصیت یہ ہے کہ ہمارے محبوب صدر اپنے اخلاف کے لیے ایسی مثال اور نمونہ عمل چھوڑ گئے ہیں جس کو مضبوطی سے پکڑ کر ہی عمل کرنے میں جمعیۃ علماء ہند کی اصل طاقت کا راز پنہاں ہے۔آپ کی شخصیت صحیح معنوں میں ”یقیں محکم، عمل پیہم، محبت فاتح عالم،،کا آئینہ تھی۔
حضرت فدائے ملتؒ کے بعد جمعیۃ جن صبر آزما حالات سے دوچار ہوئی، ان حالات میں جاد’ہ استقامت پر برقرار رہنا اور جمعیۃ کے دستور کو ہر حال میں مقدم رکھنا حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نوراللہ مرقدہ کی عظمت اور کامیابی کا سب سے اہم پہلو ہے، بالفاظ دیگر جماعت اورملت کا مفاد اپنی ذات پر مقدم رکھنا آپ کی زندگی کا اہم درس ہے اور ہم سبھی کارکنان و عہدہ دارانِ جمعیۃ کے لیے آیندہ اس پر مضبوطی سے قائم رہنا ہی نہ صرف حضرت مولانا مرحوم کے لیے بلکہ ہمارے سبھی اسلاف کے لیے اصلی خراج عقیدت ہے۔
جمعیۃ علما ء ہند کا یہ اجلاس اپنے جامع صفات صدر سابق کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دست بدعا ہے کہ خدا تعالی حضرت کے اہل خاندان، اولاد، رفقاء، ہزاہا تلامذہ اور ہم متوسلین کو صبر واستقامت کے ساتھ اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں اور حضرت کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں اور انبیاء و صدیقین کا رفیق بنائیں (آمین)“
حضرت امیر الہند کے علاوہ حضرت مولانا مفتی عبدالرزاق خاں صاحب، حضرت مولانا محمد حمزہ حسنی ندوی، مولانا محمد ولی رحمانی، مولانا نظام الدین اسیرادروی، مولانا نورعالم خلیل امینی، مولانا حبیب الرحمن اعظمی، مولانا محمود قاسم میرٹھی، مولانا ابوبکر رانچی، مولانا شبیر احمد راجستھان، مولانامحمد ابراہیم جوناگڑھ، محمود الظفر رحمانی، قاری رضوان نائب ناظم مدرسہ مظاہر علوم،حافظ عبدالکبیر بنارس، قاری معین الدین، حسن احمد قادری پٹنہ، اہلیہ پروفیسر نثار احمد انصاری گجرات اور اہلیہ مولانا محمد امین پالن پوری، مولانا عبدالجبار بھاگلپوری، اہلیہ مفتی شبیر احمد مرادآباد، اسلم بھائی دیواس، مرزا شبیر بیگ، مفتی اعجاز ارشد، مولانا عبدالمومن سنبھل، بھائی معراج مظفرنگر، شہاب الدین سیوان، حاجی میاں فیاض الدین دہلی، اہلیہ عبدالرزاق دھمرکہ، مولانا عبدالقیوم پالن پور، حاجی یونس، مولانا عبدالرشید استاذ دارالعلوم، محمد صاد ق برادر خورد مفتی احمد دیولہ، مولانا رفیق گاڑی گاؤں آسام، انورہ تیمور سابق وزیر اعلی آسام، مولانا انوری علی ہیلا کنڈی، مولانا عبدالباقی مدراس، سمیت متعدد شخصیات کی وفات پر ایصال ثواب اور اظہار تعزیت کیا گیا۔
اجلاس میں نو منتخب صدر جمعیۃ علماء ہند اور ناظم عمومی کے علاوہ بطور رکن مولانا رحمت اللہ کشمیری، مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری، مولانا مفتی محمد راشد اعظمی، مولانا شوکت علی ویٹ، مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی، مولانا نیاز احمد فاروقی شریک ہوئے، جب کہ بذریعہ زوم مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند، مولانا ندیم احمد صدیقی، مولانا پیر شبیر احمد،مولانا مفتی افتخار احمد،مولانا بدرالدین اجمل، مولانا محمد رفیق مظاہری، مولانا سراج الدین ندوی اجمیراور مدعو خصوصی کے طور پر مولانا محمد سلمان بجنوری استاذ دارالعلوم دیوبند، مفتی عبدالرحمن نوگاواں سادات، مفتی احمد دیولہ،حاجی محمد ہارون، مولانا علی حسن مظاہری، مولانا عبدالقدوس پالن پور، مولانا محمد عاقل گڑھی دولت، ڈاکٹر سعید الدین نانگلوئی اور بذریعہ زوم مفتی محمد عفان منصورپوری،قاری محمد امین، ڈاکٹر مسعو احمد اعظمی، مفتی حبیب الرحمن الہ آباد، مولاناغلام قادر پونچھ،مولانا محمد الیاس مفتاحی پپلی مزرعہ، قاری محمد ایوب ممبئی، مولانا محمد یحیی آسام  شریک ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×