احوال وطن

مولانا ارشدمدنی کی صدارت میں جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کا اجلاس

نئی دہلی، 14 اکتوبر (پریس ریلیز) کورونا، تبلیغی جماعت کے بہانے مسلمانوں کو نشانہ بنانے، بے لگام میڈیا پر قدغن لگانے کی جمعیۃ کی عرضی پر سپریم کورٹ کا حالیہ تبصرہ، دہلی فساد متاثرین کے لئے جمعیۃ کی جانب سے کی جانے والی بازآبادکاری کی کوشش اور ملک کی موجودہ صورت حال پر جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کی میٹنگ مولانا سید ارشد مدنی کی صدارت میں 15؍اکتوبر سے شروع ہورہی ہے۔جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کی گزشتہ میٹنگ  20/21فروری 2020کو ممبئی میں ہوئی تھی۔ اس وقت کورونا کا کوئی اثر نہیں تھا اور یہ میٹنگ کورونا وبا کے شروع ہونے کے بعد ہورہی ہے جس میں متعدد مسائل پر سنجیدگی اور نتیجہ خیز بحث ہونے کی امید ہے۔ مجلس عاملہ کی اس میٹنگ میں سابقہ کاروائی کی توثیق و خواندگی ہوگی اورسابقہ جمعیۃعلماء ہند کی مجلس منتظمہ میں پاس ہوئی تجاویزکے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیاجائے گا۔ان ضروری بنیادی کاروائیوں کے بعد ملک کی موجودہ صورتحال پر غور وخوض ہوگا اور دہلی فساد کے متاثرین کی ریلیف اور بازآبادکاری کا جائزہ لیا جائے گا۔اس  اہم اجلاس میں دو اہم ایشوز پر خاص طور پر غور وخوض ہوگا جن میں پہلا نئی قومی تعلیمی پالیسی ہے جس پرتفصیل سے غور وخوض کئے جانے کی اشد ضرورت ہے، علاوہ ازیں گزشتہ دنوں اترپردیش کی یوپی حکومت نے جو اسپیشل سیکوریٹی فورس تشکیل دی ہے اور جسے بے پناہ اختیارات دیئے گئے ہیں اس کا بھی سیاسی اور قانونی پہلو سے جائزہ لیا جائے گا۔جمعیۃ کے ذرائع کے مطابق کورونا کے دوران بھی مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی نفرت، اس میں حکومت کی پشت پناہی،بے لگام میڈیا کے خلاف سپریم کورٹ میں جمعیۃ کی عرضی پر حکومت کارویہ، تبلیغی جماعت کے بہانے مسلمانوں کو بدنام کرنے کی دانستہ مہم، مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے مسائل، مسلم نوجوانوں کی گرفتاری، دہلی فسادات میں مسلمانوں کے خلاف داخل کی گئی یکطرفہ چارج شیٹ  جیسے موضوعات پر کھل کر بحث ہوگی۔ اس کے علاوہ مختلف امور اور مسائل پر جمعیۃ علماء ہند کی کوششوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×