احوال وطن

دہلی فسادمیں ماخوذ کیے گئے مزید دولوگوں کی ضمانت منظور

نئی دہلی، 13اکتوبر (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کی کوششوں سے دہلی فساد میں مبینہ طور پرماخوذ مسلم ملزمان کی ضمانت عرضداشتوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے، آج کرکاڈوما سیشن عدالت نے ملزمین شاداب احمد اور راشد سیفی کو ایف آئی آر نمبر 93/20 (دیال پور پولس اسٹیشن) مقدمہ میں مشروط ضمانت پر رہا کیے جانے کے احکامات جاری کیے۔ جمعیۃ علماء کے توسط سے ابتک دہلی ہائی کورٹ اور سیشن عدالت سے دس ضمانت عرضداشتیں منظور ہوچکی ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند نے دہلی فسادات میں پھنسائے گے سیکڑوں مسلمانوں کے مقدمات لڑنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی خصوصی ہدایت پر ملزمین کی ضمانت پر رہائی کے لیئے سیشن عدالت سے لیکر دہلی ہائی کورٹ تک عرضیاں زیر سماعت ہیں۔آج اس معاملے میں گرفتار دو ملزمین شاداب احمد اور راشد سیفی کو ایڈیشنل سیشن جج ونود یادو نے پچیس ہزار روپئے کے ذاتی مچلکہ پر ضمانت پررہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے، سرکاری وکیل نے ملزمین کی ضمانت پررہائی کی سخت لفظوں میں مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمین کی ضمانت پر رہائی سے نسق امن میں خلل پڑسکتا ہے لیکن عدالت نے دفاعی وکلاکے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے عدالت نے ملزمین کی ضمانت عرضداشت منظور کرلی۔جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے ملزمین کی پیروی ایڈوکیٹ ظہیر الدین بابر چوہان او ر ان کے معاون وکیل ایڈوکیٹ دنیش نے کی اور عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں پولس کی جانب سے چار ج شیٹ داخل کی جاچکی ہے اور ملزمین کے خلاف الزامات ڈائرکٹ ثبوت نہیں ہیں لہذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جانا چاہئے، ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفعات 147,148,149,436, 427 (خطرناک ہتھیاروں سے فساد برپا کرنا،آتش گیر مادہ یا آگ زنی سے گھروں کو نقصان پہنچانا،غیر قانونی طور پر جمع ہونا)اور پی ڈی پی پی ایکٹ کی دفعہ 3,4 (عوامی املاک کوآتش گیر مادہ یا آگ زنی سے نقصان پہنچانا) کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا تھا اور ملزمین گذشتہ تین ماہ سے زائد عرصہ سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے تھے۔ اس سے قبل انہیں دونوں ملزمین کو ایڈیشنل سیشن جج نے یف آئی آر نمبر 80/20 (دیال پور پولس اسٹیشن)مقدمہ میں بھی مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے تھے۔جمعےۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے ملزمین کی ضمانت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جمعےۃ کی ابتداء سے کوشش رہی ہے کہ کوئی بے گناہ مسلمان جیل کے اندر نہ رہے، اس لئے ہم نے ملک بھر میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتارمسلم نوجوانوں کا مقدمہ مضبوطی سے لڑکر درجنوں نوجوانوں کوباعزت بری کروایا ہے اوردہلی فسادات میں جبراملوث کئے گئے بے قصورلوگوں کے عدالت سے بری ہونے تک جمعےۃ کی کوشش جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاء کی ٹیم اس سلسلے میں نہایت تندہی کے ساتھ اس کام میں لگی ہوئی ہے اوریہی وجہ ہے کہ اب تک دس لوگوں کی ضمانتیں منظورہوچکی ہیں، مولانا مدنی نے کہا کہ ایک ایک ملزم پر کئی کئی ایف آئی آر درج ہیں لہذا جب تک تمام ایف آئی آر(مقدمات) میں ضمانت نہیں ہوجاتی ملزمین کی جیل سے رہائی ممکن نہیں ہے، ایک ایک ملزم پر ایک ساتھ کئی ایف آئی آر درج کرنے کے پیچھے شاید پولس کا یہی مقصدبھی تھا کہ انہیں آسانی سے ضمانتیں نہ مل سکیں، لیکن جس نہج پر ہمارے وکلاء کام کررہے ہیں ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسلم نوجوانوں کو جیل کی صعوبتوں سے راحت حاصل ہوگی اور وہ کھلی فضاؤں میں سانسیں لے سکیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×