مولانا متین الحق اسامہ قاسمیؒ مختلف جہتوں میں بڑی سرگرمی کے ساتھ مصروف عمل رہے
دیوبند،21؍ جولائی(سمیر چودھری)جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کے انتقال پر جمعیۃ علماء اترپردیش کی مجلس عاملہ کی جانب سے ایک تعزیتی نشست کا انعقاد مدنی منزل میںکیاگیا۔ میٹنگ میں جمعیۃ علماء اترپردیش کے اراکین عاملہ نے شرکت کی اور جو افراد شریک نا ہوسکے انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی ۔دینی تعلیمی بورڈ اترپردیش کے صدر مفتی عفان منصور پوری نے اپنے تعزیتی بیان میں مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مرحوم مختلف جہتوں میں بڑی سرگرمی کے ساتھ مصروف عمل رہتے تھے ،مدارس اسلامیہ کا تحفظ،عقائد صحیحہ کی ترویج ،افکار باطلہ کی تردید ،اصلاح معاشرہ ،قومی یکجہتی ،اور مختلف ملی اور سماجی کاموں میں مولانا پیش پیش رہتے تھے ۔جمعیۃ علماء ہند اور اکابر دارالعلوم دیوبند کے افکار ونظریات تو گویا مولانا کے رگ وریشے میں سرایت کئے ہوئے تھے ۔مولانا مرحوم کی اس خوبی کو جمعیۃ علماء ہند سے وابستہ تمام حضرات کو اختیار کرنا چاہئے ۔جمعیۃ علماء مغربی اترپردیش کے صدراورمدرسہ بدر العلوم گڑھی دولت کے مہتمم مولانا محمد عاقل نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کی خدمات ناقابل فراموش اور آب زر سے لکھے جانے کے لائق ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا ایک تحریکی شخص تھے، انہوں نے بیک وقت تحفظ ختم نبوت،تحفظ سنت اور فتنہ انکار حدیث کا مقابلہ کرتے ہوئے مسلک دارالعلوم دیوبند کی اشاعت کا فریضہ انجام دیا ۔جمعیۃ علماء مغربی اترپردیش کے سکریٹری قاری ذاکر حسین نے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ مولانامتین الحق اسامہ قاسمی کی شخصیت اکابرین جمعیت مشائخ کے رنگ میں رنگی ہوئی تھی۔جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا عبدالرب اعظمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی رحمہ اللہ انتہائی بااخلاق اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے،آپ نے فضلاء مدارس کو انگریزی زبان وادب سے روشناس کرانے کے لئے حق ایجوکیشن سینٹر قائم کیا ،درس نظامی کے لئے مدرسہ محمودیہ اشرف العلوم جبکہ باطل عقائد ونظریات کی بیخ کنی کے لئے مختلف انجمنیں قائم کیں ،حقیقت ہے کہ آپ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے ،رب کریم آپ کی خدمات کو قبول فرمائے اور آپ کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر قاری احمد عبداللہ نے اپنے تعزیتی کلمات میں مولانا کے اوصاف حمیدہ اور خدمات جلیلہ پر روشنی ڈالی اور مولانا انیس آزاد قاسمی کے لکھا ہوا مرثیہ بھی پڑھا ۔دریں اثناء مفتی جمیل الرحمن قاسمی جنرل سکریٹی دینی تعلیمی بورڈ اترپردیش ،مولانا اسجد قاسمی ،مولانا عمران قاسمی نے بھی مولانا کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کی اور مولانا کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔صدارت جمعیۃ علماء اترپردیش کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمد مدنی نے کی ۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء اترپردیش کے سکریٹری سید ذہین احمد ،ڈاکٹر جمال نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش ،مفتی بنیامین صدر جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر موجود رہے۔اس موقع پرمولانا متین الحق قاسمی نور اللہ مرقدہ اور مولانا محمد سلمان مظاہرہی رحمہ اللہ کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کی گئی اور کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔