احوال وطن

مولانا متین الحق اسامہؒ اور مولانا سید ولی اللہ قاسمی ؒ کاانتقال ملت ِ اسلامیہ کا عظیم خسارہ

کریم نگر: 18؍جولائی (پریس ریلیز) مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علماء کریم نگر نے اپنی تعزیتی بیان میں کہاکہ گزشتہ چند ماہ سے ملک وبیرون ملک میں بہت سے علماء واکابر کا انتقال ہوا ہے،اور مسلسل رحلت کی خبریں اہل علم کے لئے بالخصوص تکلیف دہ ہیں۔ابھی ۱۷جولائی ۲۰۲۰؁ء کو ریاست ِ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے معروف عالم ِ دین اورمقبول شخصیت مولانا سید ولی اللہ صاحب قاسمی ؒ کا بھی مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا،مولانا ولی اللہ صاحب قاسمیؒ کی ضلع نظام آباد واطراف واکناف میں بے مثال خدمات ہیں،آپ نے مدرسہ مظہر العلوم کو قائم کیا،جہاں سے بے شمار طلباء نے علم ِ دین حاصل کیا اور اس وقت اس ادارہ کے فارغ التحصیل علماء وحفاظ دینی خدمات انجام دے رہے ہیں،مولانا جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد کے صدر تھے اور آپ کی صدارت میں جمعیۃ علماء نظام آباد نے ملت ِ اسلامیہ کی گراں قدر خدمات انجام دی ہے،آپ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے اور عوام وخواص میں غیر معمولی مقبولیت ومرجعیت آپ کو حاصل تھی ،مولانا کے انتقال پر جمعیۃ علماء کریم نگر کے تمام اراکین تعزیت پیش کرتے ہیں۔
مولانا سید ولی اللہ صاحب ؒ کے انتقال کے دوسرے دن صبح ہی یہ اندوہ ناک خبر ملی کہ ملک کے معروف عالم ِ دین ،جمعیۃ علماء اترپردیش کے مایہ ناز صدر، مختلف قومی ،ملی اور دینی خدمات انجا م دینے والے عظیم رہنما مولانا متین الحق اسامہ صاحب ؒ کانپور کا بھی مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا،انتقال کی خبر تمام اہل علم ،مسلمانوںاور بالخصوص جمعیۃ علماء سے وابستگان کے لئے بڑے صدمہ کا باعث ہے۔مولانا متین الحق اسامہ صاحب ؒ ملک کے نامور علماء ،اور خطباء میں شمار ہوتے تھے،اتحاد ِ ملت کے لئے کوشاں رہنے والے اور بے باکی وجراأت کے ساتھ ملت کی خدمت انجام دینے میں بے مثال تھے،تقریر وخطابت کا ملکہ اور کمال اللہ تعالی نے عطافرمایاتھا،جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے بڑی خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔قحط الرجال کے اس دور میں اہل علم کا رخصت ہونا اور بے لوث قومی ،ملی اور دینی خدمات انجام دینے والے علماء کا انتقال کرجانا یقینا ملت ِ اسلامیہ کے ایک خسارہ ہے۔دکھ اور غم کے ان اوقات میں ہم اراکین ِ جمعیۃ علماء کریم نگر دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی مولانا ولی اللہ صاحب قاسمی ؒ اور مولانا متین الحق اسامہ صاحب ؒ کی مغفرت فرمائے ، ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے،ملت اسلامیہ کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×