احوال وطن

جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر حضرت مفتی خیر الاسلام آسام کا انتقال

نئی دہلی: 3/ جولائی (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر اور امیر شریعت شمال مشرقی ہند حضرت مفتی خیر الاسلام (ناگاؤں آسام) طویل علالت کے بعد84 سال کی عمر میں رحلت فرما گئے۔ نماز جنازہ ڈوہ گاؤں آسام میں جمعرات کو بعد نماز عصر ان کے صاحبزادے مفتی فخرالدین صاحب کی امامت میں ادا کی گئی جس میں مجمع کثیر شریک تھا۔مولانا مرحوم جلیل القدر عالم، متقی اورزاہدو غنی النفس انسان تھے، وہ آسام میں پھیلے ہوئے سینکروں مدارس و جامعات کے سرپرست اور مرجع کثیر الخلائق تھے۔آسام کی معروف علمی ود ینی شخصیت اور امیر شریعت اول حضرت شیخ احمد علی باسکندی نوراللہ مرقدہ کے محبوب نظر رہے، شیخ باسکندی کے انتقال کے بعد سال 2000ء میں منصب امارت سے سرفراز ہوئے اور تاحیات اس پر فائز رہے۔وہ سن 1963ء میں دارالعلوم دیوبند سے فارغ ہوئے، فراغت کے بعد دارالحدیث جے نگر آسام میں در س و تدریس کا آغاز کیا، دوسال بعد 65ء میں دارالعلوم فرمائی بھیٹی آسام میں درس و تدریس سے وابستہ ہوئے جہاں تاحیات شیخ الحدیث کے فرائض انجام دیتے رہے۔
اس کے علاوہ مرحوم جمعیۃ علماء آسام کے نائب صدر اور دینی تعلیمی بورڈ کے بھی صدرتھے۔ 28/اکتوبر 2017ء کو دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں منعقد اجلاس مجلس منتظمہ میں مولانا مرحوم کو جمعیۃ علماء ہند کا کل ہند نائب صدر منتخب کیا گیا۔ وہ تادم واپسیں اس عہدے پر فائز رہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مولانائے ممدوح کے وصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مولانا کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہواہے۔وہ جمعیۃ علماء کی تحریکات اور سرگرمیوں سے نصف صدی سے زائد عرصے تک ایک مرد مجاہد کی طرح وابستہ رہے اور جسم ناتواں اور مسلک درویشی کے باوجود باطل قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ان کی جلیل القدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے دعاء ہے کہ اللہ تعالی ان کو ان تمام نعمتوں سے نوازے جو اولیاء ومقربین کے لیے مخصوص ہے اور ان کے مراتب میں ابداً و دائماً ترقی فرماتار ہے۔حضرت مرحوم و مغفور کے جملہ پسماندگان بالخصوص صاحبزادہ عزیز مفتی فخرالدین صاحب و دیگر سے تعزیت مسنونہ و دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعاء ہے کہ اللہ تعالی ان کو صبر جمیل اور حضرت موصوف کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عنایت فرمائے۔سبھی جماعتی احباب و متعلقین سے اپیل ہے کہ مرحوم کے لیے خصوصی دعائے مغفرت و ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔ دریں اثنا مولانا مرحوم کے جنازے میں جمعیۃ علماء آسام کے معاون سکریٹری مولانا عبدالقادر بھی شریک ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×