احوال وطن

مولانا رفیق احمد قاسمی کے انتقال پرملال پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کا اظہار رنج وغم

نئی دہلی: 06/جون (پریس ریلیز) صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا سیدارشدمدنی نے مشہورعالم دین و جماعت اسلامی ہندکے سابق سکریٹری مولانا رفیق احمدقاسمی ؒکے سانحہ ارتحال پر اپنے گہرے رنج ودکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم نے دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعدچندسال درس وتدریس میں گزارے اس کے بعدتحریک جماعت اسلامی ہندسے وابستہ ہوگئے، پوری زندگی جماعت اسلامی ہندکے مشن کی کامیابی وحصول کیلئے لگادی تاآنکہ خالق حقیقی سے جاملے، انا للہ واناالہ راجعون۔مولانا مرحوم اپنی سادگی،منکسرالمزاجی اورملنساری کی وجہ سے ہر طبقہ کے لوگوں میں مقبول تھے، اعتدال،توازن اور کشادہ نظری ان کا طرہ امیتاز تھا،مولانا مرحوم کاایک امتیازی وصف یہ تھا کہ مختلف مذاہب کے رہنماؤں سے وہ خصوصی دعوتی روابط رکھتے تھے، اور مشترکہ مسائل کے حل کی خاطر ہمیشہ جدوجہد کرتے رہتے تھے،مولانا مرحوم بارہا جمعیۃعلماء ہند کے اجلاسوں اورپروگراموں میں شریک ہوئے اور اعتدال کا دامن نہ چھوڑا ایسی شخصیت کا داغ مفارقت دے جانا ہمارے لئے ایک سانحہ ہے۔
مولانا مدنی نے مولانامرحوم کیلئے دعاء مغفرت کرتے ہوئے ان کے پسماندگان،اعزاواقارب سے اظہارہمدردی اورصبرجمیل کی دعافرمائی ہے، جماعت اسلامی ہند کے امیر جناب سعادت اللہ حسینی اورارکان گرامی ورفقاء سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے بارگاہ رب العزت میں دعاکی ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ متعلقین بالخصوص جماعت اسلامی ہند کے کارکنان کو صبرجمیل عطافرمائے اور جماعت کو ان کا نعم البدل عطاء فرمائے۔
صدرجمعیۃعلماء ہند نے ارباب مدارس،جماعتی رفقاء اورجملہ مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مولانامرحوم کی مغفرت اورترقی درجات کیلئے دعاء فرمائیں اور ایصال ثواب کااہتمام کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×