مفتی سعید صاحب پالن پوری کی وفات سے عالم اسلام سوگوار: مفتی محمد یونس القاسمی
کریم نگر: 19/مئی (پریس ریلیز) مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علماء کریم نگر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شیخ الحدیث حضرت مفتی سعیداحمد پالن پوری ؒ کا انتقال ملت اسلامیہ کے لئے ایک عظیم خسارہ اور علمی دنیا کے لئے بڑی محرومی ہے۔حضرت مفتی سعید احمد پالن پوری ؒ کا شمار اس وقت دنیا کے چند مایہ ناز فقہاء اورعظیم محدثین میں ہوتا تھا،آپ دنیا کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث وصدر المدرسین تھے،علم حدیث وفقہ اور تفسیر میں آپ کا بہت اونچا مقام مرتبہ تھا،درس وتدریس میں امتیازی شان رکھتے تھے،پوری زندگی علم کی خدمت کرتے ہوئے اور قرآن وسنت کی تعلیمات کی نشرواشاعت میں گزاری ،آپ بے پناہ مقبولیت رکھنے والے مشفق ومحسن استاذومربی تھے ،مفتی صاحب ؒ جیسی شخصیات مدتوں بعد پیدا ہوتی ہیں اور اپنی گراں قدر خدمات کے نقوش دنیا میں چھوڑجاتی ہیں۔طلباء کی سہولت کے لئے آپ نے آسان درسی نصاب بھی تیار فرمایا تھا،اور بخاری ،ترمذی اور مسلم کی مقبول شروحات بھی آپ نے تصنیف فرمائی ۔ہدایت القرآن کے نام سے تفسیرقرآن کریم بھی تحریر فرمائی۔مسند الہند حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ کے مایہ ناز تصنیف ’’حجۃ اللہ البالغہ‘‘ کی آپ نے مقبول شرح ’’رحمۃ اللہ والواسعہ ‘‘ کے نام سے لکھی اور علوم ولی اللہی کی تسہیل وتبیین کا عظیم کارنامہ انجام دیا ۔اس کے علاوہ بھی بہت سی دینی ، علمی اور فقہی ،کتابوں کو آپ نے تصنیف فرمایا۔بے شمار خوبیوں اور ان گنت کمالات اللہ تعالی نے آپ میں جمع فرمائے تھے،گزشتہ کئی سالوں سے دارالعلوم کے مسند حدیث کو آپ نے زنیت بخش رکھی تھی۔رمضان المبارک سے قبل ہی آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی ،پھر رمضان المبارک میں الحمدللہ صحت یاب ہوئے اور تراویح کے بعد خصوصی علمی مجالس بھی ہونے لگیں اور قیمتی علمی نوادرات سے مستفیدہونے کا موقع بھی ملتا رہا کہ اچانک سانس کی تکلیف بڑھ گئی ،دواخانہ میں شریک ہوئے اور بالآخر ۲۵ رمضان المبار ک ۱۴۴۱ھ بروز منگل داعی اجل کولبیک کہا۔آپ سے شرف ِ تلمذ حاصل کرنے والے بے شمار طلباء اس وقت پوری دنیا میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں ،آپ کی وفات سے پوری علمی برادری اوردینی مدارس سوگوار ہیں ۔خود دارالعلوم دیوبند جیسا عظیم ادار ہ اپنے ایک قابل ،لائق اور بے مثال فرزند سے محروم ہوگیا۔جمعیۃ علماء کریم نگر کے تمام اراکین دعاگوہیں کہ اللہ تعالی حضرت مفتی صاحب ؒ کی مغفرت فرمائے ،اعلی درجات عطافرمائے اور ان کی دینی خدمات کو صدقہ ٔ جاریہ بنائے ۔آمین