احوال وطن

جمعیۃ علماء ہند کورنٹائن سنٹرس میں موجود لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے: مولانا حکیم الدین قاسمی

نئی دہلی : 7؍مئی (پریس ریلیز) وزیر آباد اور منڈولی جیل کے قریب کورونٹین کئے گئے لوگوں کی آس بس اس بات کو لے کر ہے کہ آخر انہیں گھر جانے کی اجازت کب دی جائے گی حالانکہ ان لوگوں میں بہت سارے ایسے ہیں جن کو کورونٹین کئے ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوگیا ہے۔ جمعیۃ علما ہندکی جانب سے مدرسہ باب العلوم جعفرآباد میں پریس کانفرنس منعقد کی اور اخباری نمائندوں کے سامنے اپنی بات رکھی۔جمعیۃ علماہند کے قومی سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی کی ایما پر روز اول سے کورنٹین سینٹرس کا جائزہ لے رہی ہے اور کورنٹین کے کئے لوگوں کی نہ صرف کھانے پینے کا انتظام کررہی ہے بلکہ متعینہ مدت گزارنے کے بعد ان کے گھروں تک بھیجنے کے لئے متعلقہ افسران سے رابطہ بھی کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم لوگوں نے انتظامیہ سے یہ مانگ کی ہے کہ ہمیں مذکورہ سینٹرس پر جائزہ لینے کی اجازت دی جائے اور محکمہ صحت سے ایک ڈاکٹربھی ہمیں دیا جائے تاکہ کورنٹین کئے گئے لوگوں کی رپورٹ کی صحیح صورت حال واضح ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر آباد کے سینٹر میں ۲۷۰ میں سے ابھی بھی ۱۷۰ ہیں جن کے کھانے پینے کا انتظام جمعیۃ علما بحسن وخوبی کررہی ہے اور منڈولی کے سینٹر میں ۵۸۰ میں سے ۲۷۰ لوگوں کو سحر ی و افطاری کا اہتمام کررہی ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان میں سے کئی تو اپنے اپنے گھروں کو بھی جاچکے ہیں اورجولوگ ہیں جلد ہی وہ بھی اپنے گھروں کو واپس ہوں گے اس بابت مرکزی و ریاستی حکومتوں کے ذمہ داران سے بات ہوئی ہے اور ڈی ایم اور ایس ڈی ایم سے بھی مسلسل گفتگو ہورہی ہے انشا اللہ آج کل میں ان کی رہائی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔جمعیۃ علما صوبہ دہلی کے نائب صدر مولانا داؤدامینی نے کہا کہ جمعیۃ علما اپنی دیرینہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے موجودہ مشکل ترین حالات میں ہر طرح سے عوام کے ساتھ تعاون کررہی ہے ۔پورا ملک لاک ڈاؤن کی مار جھیل رہا ہے مگر راجدھانی دہلی کا شمال مشرقی ضلع و ہ خطہ ہے جو دوہر ی مار جھیل رہا ہے یہاں کے لوگوں نے پہلے فساد میں جان مال کا نقصان اٹھایا اور اب لاک ڈاؤن میں زندگی کا پہیا پوری طرح رک سا گیا ہے ۔غریبوں کو راشن پہنچانے کے علاوہ بیواؤں اور دہاڑی پیشہ مزدوروں کی جمعیۃ علما صوبہ دہلی کے پلیٹ فارم سے دامے درہمے سخنے مدد کی جارہی ہے۔جمعیۃ مرکزی اکائی کے اہم ذمہ دارمولانا غیورقاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ ملک کی سالمیت ،آپسی بھائی چارہ اور بھوکے ننگے کو خوراک اور کپڑا فراہم کرنے میں پیش پیش رہی ہے ۔لاک ڈاؤن کے اس شدید پریشانی والے عالم میں بھی جمعیۃ علما عوام کے قدم سے قدم ملا کر ان کی ضروریات کا خیال رکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر جگہوں کے علاوہ شمال مشرقی دہلی کے مختلف علاقو ںسے لوگوں کو کورونا کے شبہ میں کورنٹین کیا گیا ہے جن میں جماعتی ارکان کے علاوہ عام لوگ اور چند ائمہ وموذنین بھی شامل ہیں ۔کورونٹین کا متعینہ وقت ۱۴ ؍دن مکمل ہونے کے باوجود وہ کورنٹین سینٹروں میں مقیم ہیں ہم افسران اور حکومتی نمائندوں سے مسلسل رابطے میں ہیں متعینہ وقت زائد سینٹروں میں رکھنے کی کوئی خاص وجہ تو سامنے نہیں آسکی ہاں مگر امید ہے کہ وہ جلد اپنے اہل و عیال کے درمیان پہنچ جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×