احوال وطن

مسلمان حالات کی سنگینی کے باوجود اپنے دین و ایمان پر ثابت قدم رہیں: مولانا ندیم صدیقی

جالنہ: 12؍ مارچ ( پریس ریلیز ) ملک کے مو جودہ حالات میں جبکہ ہر طرف فتنے امڈتے چلے آرہے ہیں اور فرقہ پرستی کی آگ ہے جو ملک کو خاکستر کرنا چاہتی ہے ،دشمنان اسلام کی ساز شیں اور آئے دن نت نئے قوانین لانے کا مقصد بھی یہی ہےکہ مسلمانوں کو ارتداد پر مجبور کیا جائے ،اس لئے اسلام کے بنیادی عقائد و نظریات میں مسلمانوں کو پختہ بنانا اور خصوصا جو بچے مروجہ اسکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم ہیں ان کو ارتدادی و نظریاتی فتنوں سے بچانا اور ان کی تعلیم و تر بیت کے لئے مکاتب دینیہ کی طرف توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت اور ہمارا اولین فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے جمعیۃ علما ءہند کی نگرانی میںصوبے بھر میں 11؍تا 21 مارچ تک چلنے والی دینی تعلیمی بیداری مہم کا جائزہ لینے کے بعد اپنے ایک صحافتی بیان میں کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اس مہم کا اہم مقصد یہ ہے کہ مسلمان سنگین سے سنگین حالات میں بھی وہ اپنے ایمان و اسلام پر ثابت قدم رہیں ،جس طرح جنگ آزادی کے موقع پر بھی ہمارے اکابرین کو امت کے ایمان کی فکر لاحق تھی اور کم و بیش اسی طرح کے حالات تھے جو آج ہیں ،اس لئے جمعیۃ علماء ہند کے قیام سے پہلے ہمارے اکابرین نے دینی تعلیمی بیداری کے لئے ز مینی کام شروع کیا تھا ۔ اسی ضمن میں دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علما ہند کی جانب سےصوبے بھر میں 11؍ مارچ تا 21؍ مارچ دینی تعلیمی بیداری مہم چلائی جارہی ہے ۔جالنہ جمعیۃ علما کے ذمہ داروں نے بتایا کہ جالنہ شہر اور ضلع میں دینی بیداری مہم زور وشور سے جاری ہے چنانچہ گذشتہ دنوں کئی مختلف مقامات پر مرد و خواتین کے لئے الگ الگ کئی پرو گرام منعقد ہوئے جس میں مفتی عبدالرحمن صاحب ناظم اصلاح معاشرہ مراٹھواڑہ ،حافظ اعزاز صاحب، مفتی فاروق صاحب، مولانا عبدالعلیم صاحب اور مفتی فہیم صاحب،مفتی سہیل صاحب ، مولانا مختار صاحب اور مفتی یوسف صاحب،مولانا عبدالرؤف صاحب اور مفتی رمضان صاحب و دیگر علماء کرام کے خطاب ہوئے جس میں عوام نے شرکت کرکے استفادہ کیا ۔
دس روزہ دینی تعلیمی بیداری مہم پروگراموں کے اختتام کے بعد صوبے بھر کا ایک مرکزی اجلاس عام 21 مارچ کو قدیم عید گاہ جالنہ میں منعقد ہوگاجس میںریاستی علما کرام سمیت جانشین فدائے ملت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ہند ترجمان اہل سنت حضرت مولانا مفتی سلمان صاحب منصور پوری جنرل سیکریٹری آل انڈیا دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند ،مولانا امان اللہ صاحب نائب صدر جمعیۃ علما ہندو مہتمم جامعہ حسینیہ شری وردھن حضرت مولانا مفتی روشن شاہ قاسمی صاحب صدر دینی تعلیمی بورڈ مہا راشٹر ،و مہتمم دارالعلوم سونوری،مولانا محمد ابراہیم قاسمی جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ مہا راشٹر و دیگر اکابرین شرکت کریں گے ۔اجلاس عام کی کامیابی کے لئے جمعیۃ علماء کے تمام خدام و کارکنان،ملی و سماجی ذمہ داران ودانشوران اور پروگرام کی کامیابی کیلئے بنائی گئی کمیٹیوں کے اراکین چہار جانب سے جدوجہد میں مصروف اور تیاریوں میں جٹے ہوئے ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×