احوال وطن

جمعیۃ علماء مہاراشٹرا کے وفد کی وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک سے ملاقات

ممبئی: 14/ جنوری (پریس ریلیز) موجودہ مرکزی حکومت کے کالے قانون لانے کی تیاری کی وجہ سے جہاں پورا ملک سراپا احتجاج بنا ہوا ہے،اور وہ حکومت سے اس قانون کو واپس لینے کے لئے ہر ممکن پر امن احتجاج اور ریلیاں کررہا ہے،انہی حالات میں کسی بھی ایجنسی کے ذریعہ صرف مسلم علاقوں میں خاندان کی تفصیلات جمع کیا جانا اور تفتیش کے نام پر بلا کر حیران کرنا مسلمانوں کے خدشات کومزید تقویت دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے وفد کے قائدمولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے مہاراشٹر کے وزیربرائے اقلیتی امور نواب ملک سے ان کے دفتر واقع منترالیہ میں ملاقات کے دوران کیا۔
جمعیۃ کے وفد نے نواب ملک کومیمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقامی پولس انتظامیہ کو حکم دیا جائے کہ وہ اس طرح سے غیر قانونی سروے کرنے والے افسران اور ایجنسی پر قانون کے تحت کارروائی کرے۔
وفد نے نواب ملک کو یہ بھی بتایا کہ سابقہ حکومت میں بھی علماء اور ائمہ کو تفتیش کے نام پر حیران کیا جارہا تھا،جس کی شکایت ہم نے اس وقت کے وزیر اقلیتی امور سے کی تھی،اس کے بعد یہ سلسلہ بند ہوگیا تھا،لیکن موجودہ مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت تشکیل پانے کے بعد پھر اسی نو عیت کی تفتیشی کارروائی ضلع پال گھر کے نالا سوپارہ اور وسئی وغیرہ میں شروع کردی گئی ہے۔
جناب نواب ملک نے اس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوراً پالگھر کے ایس پی گورو سنگھ سے بذریعہ فون رابطہ کرکے ان کو ہدایت دی کہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے وفد سے جمعرات کی صبح ۱۱/ بجے میٹنگ کرکے ان کی شکایات کا ازالہ کریں۔
وفد کے قائد مولانا حلیم اللہ قاسمی نے حکومت مہاراشٹر کے محکمہ اوقاف کی جانب سے قاضیوں اور نکاح خوانوں کی تقرری اور ان کے رجسٹریشن کی کارروائی پر جناب نواب ملک کے اقدام کی ستائش کی۔مولانا نے حکومت کے اس فیصلہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ برٹش حکومت کے بعد آزادیئ ہند کے شروع کے دور میں یہ نظام قائم تھا۔ اس کے بعداب موجودہ حکومت مہاراشٹرنے اس کو دوبارہ نافذ کرنے کے لئے پیش قدمی کی ہے،جو قابل تحسین ہے۔اور امید کرتے ہیں حکومت کے اس اقدام سے دلال نما قاضی جو اس مقدس عہدہ کی بد نامی کا سبب بن رہے تھے،ان پر لگام لگے گی۔
جناب ملک صاحب نے وفد کو یقین دلایا کہ ہم عنقریب تمام مسالک کے علماء کی ایک کمیٹی تشکیل دے کر اس کام کو منظم طریقہ پرآگے بڑھائیں گے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے وفد میں مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر، مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مفتی محمدیوسف قاسمی خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر،مفتی محمد اسماعیل قاسمی رکن عاملہ جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مفتی حفیظ اللہ قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مولانا محمد سرور قاسمی کاجو پاڑہ، مولانا عبد الوہاب قاسمی ممبر،مولانا ذاکرسابلے وغیرہ شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×