احوال وطن

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے وفد کی وزیر اعلی سے ملاقات

ممبئی: 23/ دسمبر (پریس ریلیز) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پورے ملک میں پرامن احتجاج جاری ہے جس میں تمام مذاہب کے افراد شرکت کررہے ہیں، گذشتہ کل مہاراشٹر کے پربھنی اور بیڑ نامی شہروں میں دوران احتجا ج پولس اور عوام کے درمیان جھڑپ ہوگئی،جس کے بعد پولس نے احتجاج کرنے والے درجنوں افراد پر تعزیرات ہند اور مہاراشٹر پولس قانون کے تحت مقدمہ درج کیا۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) گرفتار شدہ ملزمین کی ضمانت پر رہائی کی کوشش کررہی ہے، بیڑ جمعیۃ علماء کے ذمہ داران بالخصوص حافظ محمد ذاکر صدیقی صدر جمعیۃعلماء ضلع بیڑ اور وکلاء کی ٹیم جس میں ایڈوکیٹ خضر پٹیل و دیگر شامل ہیں اس تعلق سے کوشش کررہے ہیں،سکریٹری لیگل سیل گلزار اعظمی کی درخواست پر ایڈوکیٹ خضر پٹیل اپنے معاونین کے ہمراہ اورنگ آباد سے بیڑ پہونچ گئے ہیں۔ فی الحال ملزمین کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔اس تعلق سے جمعیۃعلماء علاقہ مراٹھواڑہ کے جنرل سکریٹری قاری محمد امین اور شیخ مجیب جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع اورنگ آباد بھی کوشش کر رہے ہیں۔
احتجاج کرنے والوں کی گرفتاریوں کے خلاف اور دیگر مطالبات کو لیکر آج جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدرحافظ مسعود احمد حسامی (ناگپور) جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی، خازن مفتی محمد یوسف قاسمی،جناب تجمل حسین خان نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع ناگپور ودیگر نے وزیر اعلی مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے سے بذریعہ میمورنڈم درخواست کی کہ وہ پولس کو حکم دے کہ وہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو گرفتار نہ کریں اورنہ ہی احتجاجیوں کے ساتھ زیادتی سے پیش آئیں۔ وفد کی قیادت ابوعاصم (رکن اسمبلی سماج وادی پارٹی)کررہے تھے۔آج وزیر اعلیٰ مہاراشٹر نے جمعیۃعلماء سمیت متعدد سماجی وفلاحی تنظیموں کے نمائندوں کو سہیادری گیسٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا۔
تین صفحات پر مشتمل میمورنڈ م میں مزید درج کیا گیا ہیکہ حکومت کو احتجاج کرنے والوں کے خلاف قائم مقدمات فوراً واپس لینا چاہئے اور مزید گرفتاری پر روک لگانا چاہئے۔
وزیر اعلی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے ساتھ حسن سلوک کیئے جانے کے تعلق سے مہاراشٹر پولس کو احکامات جاری کریں نیز ریاست میں دفعہ 144 کے نفاذ سے گریز کریں۔
بذریعہ میمورنڈم وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو جمعیۃ علماء کی تاریخ بتائی گئی اور انہیں ریاست کا وزیر اعلی بننے پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان سے امید ظاہر کی گئی کہ ان کی قیادت میں موجودہ حکومت پانچ سال مکمل کرے گی اور ریاست کی عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائے گی۔
وزیر اعلی سے ملاقات کرنے گئے وفد میں نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر حافظ مسعود احمد حسامی (ناگپور)،مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر،مفتی محمد یوسف قاسمی خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر،جناب تجمل حسین خان نائب صدر جمعیۃ علماء ناگپورودیگر شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×