احوال وطن

مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ؛ سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کی بائیک پر دوسری بائیک کا نمبر لگایا گیا تھا

ممبئی 6؍نومبر (پریس ریلیز) مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں آج مالیگاؤں سے تعلق رکھنے والے آٹو کنسلٹنٹ کی گواہی عمل میں آئی جس نے عدالت کو بتایا کہ اس نے سال 2007 میں ہیرو ہونڈا گاڑی خریدی تھی اور بعد میں اسے دوسرے گراہک کو فروخت کردیا تھا نیز اس نے موٹر سائیکل کی مالیگاؤں میں فینسی نمبر پلیٹ بنائی تھی۔
سرکاری گواہ نمبر 133 عمران سید شوکت علی نے خصوصی این آئی اے عدالت کے جج ونود پڈالکر کو خصوصی سرکاری وکیل اویناس رسال کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ بھکو چوک میں ہونے والے بم دھماکوں کے آٹھ دس دن بعد پولس نے اس سے تفتیش کی تھی، گواہ نے عدالت کو مزید بتایا کہ دوران تفتیش اس نے موٹر سائیکل کے تعلق سے تفتیشی افسران کو تفصیلات بتائی تھیں نیز اس نے موٹر سائیکل کے رجسٹریشن کے دستاویزات بھی انہیں دیئے تھے۔ گواہ نے پولس افسران کو اس کی جانب سے دیئے گئے موٹر سائیکل کے دستاویزات کی آج عدالت میں شناخت بھی کی۔
خیال رہے کہ بم دھماکوں سے قبل ہیرو ہونڈا موٹر سائیکل کا اوریجنل نمبر سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کی موٹر بائیک ایل ایم ایل فریڈم میں لگایا گیا تھا جس پر بھکو چوک میں بم دھماکہ ہوا تھا۔
آج کی گواہی سے اس بات کو مزید تقویت ملی کہ سادھوی کی موٹر بائیک پر موجود نمبر جعلی تھا اور اس کا حقیقی مالک کوئی اور تھا، آج عدالت میں یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ مالیگاؤں کے بھکو چوک میں کھڑی کی گئی موٹر سائیکل پر پہلے مقامی موٹر سائیکل کا نمبر لگایا گیا تاکہ عوام کو شک نہ ہو سکے کہ موٹر سائیکل مالیگاؤں کی نہیں ہے۔
سرکاری گواہ سے سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کے وکیل جے پی مشراء نے چند سوالات پوچھے جس کے بعد سرکاری وکیل سے سوال و جواب کا سلسلہ ختم ہوا۔ عدالت نے استغاثہ کو حکم دیا کہ وہ کل عدالت میں کسی دوسرے سرکاری گواہ کو پیش کرے۔
دوران کارروائی عدالت میں بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکلاء شریف شیخ، شاہد ندیم، ہیتالی سیٹھ ودیگر موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×