احوال وطن

حالات کا مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کرنا اہلِ ایمان کی نشانی ہے

کاماریڈی: 18؍ستمبر (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی کے زیراہتمام ضلع کاماریڈی اور اس سے متصل اضلاع کے علماء ،حفاظ، ائمہ، خدام دین اور جمعیۃ کے اراکین و منتظمین کا اہم مشاورتی اجلاس مدرسہ مصباح الہدی مسجد نور اندرانگر کالونی کاماریڈی میں منعقد ہوا، جس میں شہر حیدرآباد و نظام آباد میدک سے مہمان علماء کرام کے علاؤہ ضلع کاماریڈی و اطراف کے حفاظ، علماء اور ائمہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی؛ تفصیلات کے مطابق اس اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت حضرت مولانا مفتی محمود زبیر صاحب قاسمی نے کی اور اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ نے اس امت کو بانجھ نہیں چھوڑا، ہر زمانہ میں ایسے افراد کو بھیجا ہے، جو دین کی حفاظت اور سنتوں کی بقاء کا کام کرتے ہیں، اختلاف تو ہر زمانہ میں رہا ہے، مگر عقلمندی یہ ہیکہ اختلاف کی حقیقت کو سمجھیں، آج حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم کی آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کو سیاسی رنگ دے کر حضرت کی ذات کو مجروح کرنے کی ناپاک سازشیں کی جارہی ہے، جبکہ اس سے حضرت والا کی ذات پر کچھ اثر پڑنے والا نہیں ہے، ہمارا قائد قلندرانہ صفات کا حامل ہے، حضرت والا کے خاندان کی قربانیوں کو ہندوستان بھلا نہیں سکتا، بے مثال، بے مفاد اور بے لوث خدمات انجام دیں؛ آج ان ہی کے نقش قدم پر حضرت والاکی خدمات ہیں، خطاب کے دوران مفتی محمود زبیر قاسمی نے پُرزور رد کرتے ہوئے کہا کہ حضرت والا کی ملاقات وہ حضرت کا مشن ہے (یعنی وطن میں امن و امان پیدا کرنا، مظلوم کی آواز کو ایوانوں اور عدالتِ عظمیٰ تک پہونچا کر انصاف دلوانا، بے قصوروں کی رہائی کی فکر کرنا) اور ابھی فرقہ پرستی کے خاتمہ کے لئے بے حد متفکر ہیں، اسی مقصد کے تئیں یہ ملاقات تھی، جس کو سیاست کا نام دے کر حضرت والا کو بدنام کرنا چاہتے ہیں؛اور کہہ رہے ہیں کہ حضرت یہ سیاسی عہدہ کی طلب میں یہ کررہے ہیں، حالانکہ حضرت والا کو سیاسی مفاد کے مواقع بہت آئے ہیں، مگر چونکہ یہ حضرت کی مزاج کے خلاف ہے، ان چیزوں سے حضرت بہت دور رہتے ہیں، نیز اس مشاورتی اجلاس میں جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی کی سال ۲۰۱۹ء کی کردگی رپورٹ محترم الحاج سید عظمت علی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی نے پیش کی، اور جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی کے اثر و رسوخ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ یہ علماء کی جماعت ہے، علماء کی قربانیوں اور ان کی نیم شبی دعاؤں کا ثمرہ ہے کہ جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، حافظ لئیق احمد صاحب سکریٹری جمعیۃ علماء ہند صوبہ تلنگانہ و آندھرا نے حالات حاضرہ میں بنائے جانے والے ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو نشانہ بناکر پر تشدد طور پر ماب لنچنگ (پرتشدد ہجومی کارروائی) کے ذریعہ قتل کی ویڈیو تصاویر پھیلائی جارہی ہے تاکہ ملک کو دو ذہنوں میں تقسیم کرکے حالات خراب کئے جائیں، ہمیں اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں، جمعیۃ علماء ہند مختلف شعبہ جات میں کام کرتی ہے، ہر سیاسی تنظیم فنڈس سے چلتی ہے، اورجملہ دینی تنظیمیں عوامی چندوں سے؛ لہذا ضرورت ہے کہ ضلعی صوبائی اور مرکزی جمعیۃ کے مالی استحکام کو مضبوط کیا جائے، کشمیریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ظلم کے خلاف قلم و آواز کو اٹھانے کا وقت آچکا ہے؛ حافظ فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی نے حضرت مفتی غیاث الدین رحمانی صاحب صدر جمعیۃ علماء ہند صوبہ تلنگانہ و آندھرا کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت نے اکابر علماء کرام کو مدعو کرتے ہوئے ہمارے صوبہ میں جمعیۃ کے استحکام کی فکر کی اور عظیم الشان فقیدالمثال اجلاس کے ذریعہ دینی شعور بیداری، دینی، سماجی، فلاحی اور ملی کاموں کی اہمیت کو ہمارے سینوں میں پیوست کیا، چنانچہ ہمیں حوصلہ ملا اور ضلع کاماریڈی میں اہل ثروت کے تعاون سے غریبوں کی امداد کی گئی، بے سہاروں کے غم میں شریک رہنے کی کوشش کی؛ اور کئی غریب لڑکیوں کی شادیوں میں حصہ لیا گیا، اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی حافظ فہیم الدین منیری نے تمام منڈل کے ذی اثر احباب سے اپیل کی کہ جمعیۃ علماء ہند کے کام کو سمجھیں اس کی اہمیت کو اپنے مکمل منڈل میں مستحکم کریں اور لوگوں کے مسائل کو حل کریں، مولانا شیخ احمد مظاہری نائب صدر جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی نے خصوصاً مالداروں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ جنت میں بخیل نہیں جائے گا کیونکہ جنت سخیوں کے لئے بنائی گئی ہے، اللہ جس کو سخاوت کی دولت دینا چاہتا ہے، اسے ہی مالدار بناتے ہیں؛ حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ باطل مذاہب ان کمزوروں کی کمزوری اور مجبوری کا فائدہ اٹھاکر ایمان پر ڈاکہ ڈال دیتے ہیں، ہمیں ضرورت ہے دینی ملی فلاحی کام کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کا بھر پور مالی تعاون کرتے ہوئے اس کو مستحکم کریں، مفتی خواجہ شریف مظاہری نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں سیرت النبی کے اجلاس کے ذریعہ مسلمان اور غیر مسلم میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت اور انسانی حقوق کا سبق پیش کریں، آپ کی تعلیم قیامت تک کی انسانیت کے لئے رشد ہدایت ہے، ربیع الاول میں پیام سیرت مصطفی ﷺ کے نام سے ہر منڈل دیہات اور ضلعی سطح پر پروگرام کرتے ہوئے تعلیمات و سنت نبوی ﷺ کو زندہ کرنے کی فکر کریں، مفتی عمران خان قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ضلع کاماریڈی نے خواتین میں دینی تعلیم و تربیت اور اصلاح معاشرہ کی ضرورت و قومی یکجہتی کی فکر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حالات سے ہمیں سبق لینا چاہئے، دینی حمیت ہی ہمیں ہر جگہ کامیابی دلواسکتی ہے، مولانا منظور عالم مظاہری صدر جمعیۃ علماء ہند منڈل کاماریڈی نے بھی منڈل کی جمعیۃ کو مستحکم کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ آج صحابہ کی عظمت دلوں سے ختم ہوگئی ہے، ماہ محرم ہمیں بار بار یہ سبق دیتا ہے کہ صحابہ کی عظمت کو پہچانو، اپنے بچوں کو صحابی کی شان بتاؤ، لہذا یہ تجویز طئے کی گئی کہ پورے منڈل میں ماہ محرم کی مناسبت سے عظمت صحابہ کے جلسوں میں جید علماء کے بیانات سے صحابہ کی محبت پیدا کرنے کی ترتیب بنائی جائے، مولانا نظرالحق قاسمی نے مکاتب کی اہمیت اور اسکی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم میں عظمت صحابہ اور ربیع الاول میں رسول اللہ کی سیرت و سنتوں سے متعلقہ مواد اکٹھا کرکے تمام دیہاتوں اور منڈلوں میں سیرت کوئز کے نام سے جلسے کروائے جائیں، حافظ مشتاق حلیمی نائب صدر جمعیۃ کاماریڈی نے مالی استحکام کی ضرورت و اہمیت پر خطاب کیا اور مالی تعاون کی اپیل کی، میر فاروق علی خازن جمعیۃ نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہر میدان میں پیش پیش خدمات انجام دے رہی ہے، لہذا چاہئے کہ جمعیۃ کے ملی سماجی رفاہی کاموں میں ہمارا ساتھ دیں، محمد سلیم TRS قائد نے مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیۃ علماء ہند صوبہ تلنگانہ و آندھرا سے درخواست کی کہ شہر کاماریڈی میں قومی ہکجہتی کے اجلاس کے لئے حضرت والا مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم کو مدعو کریں، محمد فیروز الدین پریس سکریٹری جمعیۃ نے غریب لڑکیوں کی شادیوں میں اہل خیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کئی غریب گھروں کو آرام ملا، عبدالقیوم صدر جمعیۃ مدینہ حلقہ نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی تنقیح انتہائی ضروری ہے، جاوید علی صاحب نے کہا کہ موجودہ دور میں ضرورت ہے کہ ہم اپنے اور اپنے خاندانی دستاویزات کو درست کرلیں، کیونکہ فرقہ پرستی کی وجہ سے حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں، حافظ عبدالواجد علی حلیمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر علماء ائمہ حفاظ کے علاوہ مساجد کے صدور و معززان شہر بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×