احوال وطن

مشہور عالم دین مولانا یوسف متالا کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار رنج و غم

نئی دہلی؛9؍ستمبر (پریس ریلیز) مغرب کے اولین دینی ادارہ’ دارالعلوم العربیہ الاسلامیہ ہولکومبے بری (یوکے) کے بانی اور عالم اسلام کی مشہور ومعروف علمی و روحانی شخصیت حضرت مولانا یوسف متالا کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء ہند نے گہرے رنج والم کا اظہار کیا ہے ۔جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولاناقاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اپنے بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
مولانا ممدوح حضـرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا ؒکے اجل خلفاء میں سے تھے۔وہ سورت کے رہنے والے تھے اور ایک عرصہ سے برطانیہ میں علوم ظاہریہ اور علوم باطنیہ میں امت کی تربیت کررہے تھے۔وہ پہلے ہندستانی نژاد عالم تھے جن کو برطانیہ میں اولین اعلی دینی تعلیم کا ادارہ قائم کرنے کا شرف حاصل ہو ا۔ آج اس ادارہ کے فضلاء مغرب کے مختلف دینی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔اس کے علاوہ مولانا موصوف مفسر قرآن اور مورخ بھی تھے ۔ ان کی تفسیر قرآن پر کتاب ’ اضواء البیان اور تاریخ پر’ مشائخ احمد اباد‘ کافی مقبول و معروف ہے۔ مزید برآں مولانا ممدوح ہزاروں علماکے استاذ اور لاکھوں لوگوں کے مصلح اور ان گنت دارالعلوم اور دینی درسگاہوں کے سرپرست تھے ۔
مولانا محمود مدنی نے بتایا کہ مولانا موصوف کا خاندان مدنی عقیدت مندانہ تعلق تھا، جب بھی خاکسار کرتا بہت ہی محبت سے ملتے اور شفقت کا معاملہ فرماتے ۔ شب گزشتہ ٹورنٹو میں ان کے انتقال کی خبر پا کر گہرا دکھ ہوا، ان کے انتقال سے دینی وملی حلقے میںبہت بڑا خلا پیداہوا ہے ۔اللہ تعالی حضرت والا کی بال بال مغفرت فرمائے اور ان کے درجات کو بلندفرمائے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سبھی دینی مدارس اور جمعیۃ کے ا حباب سے گزارش ہے کہ مولانا ممدوح کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کریں
آج دفتر جمعیۃ علماء ہند میں مولانا ممدوح کے ایصال ثواب کے لیے ایک تعزیتی نشست رکھی گئی جس میں سبھی جماعتی ذمہ داران و کارکنان شریک ہوئے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×