کورونا پروٹوکول کے سبب حج 2021ء مہنگا ہوگا: مختار عباس نقوی

سری نگر: 24؍نومبر
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے حج 2021ء سے متعلق اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پچھلے سالوں کے بالمقابل امسال حج مہنگا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے اس سال سفر اور رہائش وغیرہ کی صورتحال بالکل مختلف ہوگی۔ انہوں نے کہا ‘حج چونکہ سعودی عرب میں ہوتا ہے وہاں کی حکومت کے جاری کردہ رہنما ہدایات کے مطابق جس کمرے میں آٹھ نو لوگ رہتے تھے اس میں اب صرف دو یا تین ہی لوگ رہ سکتے ہیں اور جس گاڑی میں 45 حاجی سفر کرتے تھے اس میں زیادہ سے زیادہ بیس حاجی سفر کر سکتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی دیگر اخراجات بڑھیں گے’۔ نقوی نے کہا کہ عازمین حج کا سفر پر روانہ ہونے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس سے قبل کورونا ختم ہو جائے گا۔ اقلیتی وزیر نے کہا کہ ہمارا سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ ماہ دسمبر میں دو طرفہ معاہدہ طے ہونے والا ہے جس میں دیکھا جائے گا کہ ہمیں کتنا کوٹا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر عازمین کی عمر کی حد کو بھی 18 سے 65 برس تک محدود کر دیا گیا ہے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ محرم کے بغیر حج کرنے والی خواتین امسال بھی درخواست جمع کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر سعودی عرب جانے کے لئے پروازوں کے امبارکیشن پوائنٹس کو 21 سے گھٹا کر 10 کر دیا ہے تاہم ان دس پوائنٹس میں سری نگر بھی شامل ہے۔