احمدآباد میں کورونا کے مسلسل بڑھتے کیسوں کے پیش نظر نائٹ کرفیو کے ساتھ ویکنڈ پر کرفیو نافذ
احمدآباد: 20؍نومبر (عصر حاضر) ریاست گجرات کے معروف شہر احمدآباد میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے کیسوں کی وجہ سے حکومت نے ویکینڈ پر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیز احمدآباد شہر میں ہی نائٹ کرفیوں کا حکام نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا جو روزانہ رات 9؍بجے تا صبح 6؍بجے جاری رہے گا۔ نائٹ کرفیو کا اعلان غیر معینہ مدت کے لیے کیا گیا ہے۔ کرفیو کے دوران صرف اشیاء ضروریہ کی دودھ دوائیں فروخت کرنے والی دوکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ریاستی وزیر اعلی وجے روپانی نے کہا ہے کہ ریاست گجرات میں مکمل لاک ڈاؤن کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ احمدآباد شہر میں کورونا کے کیسوں میں مسلسل اضافہ کے پیشِ نظر صرف احمدآباد کی حد تک یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ گجرات حکومت نے کورونا سے پیدا مشکل حالات کے پیش نظر اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر یو-ٹرن لے لیا ہے۔ ساتھ ہی حکومت نے ریاست کی معاشی راجدھانی احمد آباد میں رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے جمعرات کی شب تعلیمی اداروں سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ اسکول و کالج کو پھر سے کھولنے کے فیصلے کو ’ملتوی‘ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دیوالی تہوار کے بعد خصوصی طور پر احمد آباد میں کورونا وائرس کے معاملے تیزی سے بڑھ رھے ہیں۔ لہٰذا حکومت نے 11 نومبر کو صلاح و مشورہ کر کے 23 نومبر کو اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو پھر سے کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کر دی تھی۔ وزیر تعلیم بھوپندر سنگھ چوڈاساما نے پہلے سلسلہ وار طریقے سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی بات کہی تھی، ساتھ ہی آن لائن ایجوکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔ حالانکہ پرائمری اسکولوں کو پھر سے کھولنے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔ حکومت نے کہا تھا کہ وہ 11 نومبر کے فیصلے پر عمل کیے جانے کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے آگے کا فیصلہ لے گی۔ حکومت کے اس قدم کی عوام میں کافی تنقید بھی ہوئی تھی۔ بالآخر حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا۔