ریاست و ملک

کورونا وائرس سے متأثرہ ممالک میں ہندوستان تیسرے نمبر پر‘ ڈبلیو ایچ او کا الرٹ

نئی دہلی: 6؍جولائی (عصر حاضر) کورونا کی وباء پوری دنیا میں پریشان کن بنتی جارہی ہے‘ بھارت اس وقت روس سے بھی آگے نکل چکا ہے اور پوری دنیا میں کورونا سے متأثرہ ممالک میں تیسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ امریکہ میں کورونا انفیکشن کا برا دور پھر لوٹ آیا ہے جبکہ برازیل اور ہندستان میں بھی مسلسل ہزاروں کی تعداد میں روزانہ نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ اتوار کو دنیا بھر میں انفیکشن  کے ایک لاکھ 80 ہزار نئے معاملے سامنے آئے جس کے بعد کل معاملے بڑھ کر اب ایک کروڑ پندرہ لاکھ سے بھی زیادہ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3600 سے زیادہ لوگوں نے انفیکشن سے اپنی جان بھی گنوا دی اور کل اموات کی تعداد بڑھ کر پانچ لاکھ 36 ہزار سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ اتوار کو امریکہ میں 44 ہزار، برازیل میں 26 ہزار اور ہندستان میں 24 ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔

کورونا وائرس کا سب سے برا دور آنا ابھی باقی ہے: ڈبلیو ایچ او

کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے اب تک پانچ لاکھ سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ ادھر، عالمی صحت تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈراس ایڈن ہام نے کہا ہے کہ کچھ ملکوں میں حالات بہتر ہونے کے باوجود وبا اب بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ جیسے جیسے پابندیاں کم کی جا رہی ہیں، انفیکشن کی دوسری لہر دیکھی جا رہی ہے۔ ٹیڈراس نے صاف کہا کہ کچھ ملکوں میں انفیکشن کا سب سے برا دور آنا ابھی باقی ہے۔

ایران میں کورونا وائرس کے 2560 نئے کیسز

کووِڈ۔19 سے خلیجی ملک ایران میں کورونا وائرس کے 2560 نئے کیسز کے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 240438 ہو گئی ہے۔ ایران کا سرکاری خبر رساں ادارہ آئی آر این اے نے اتوار کو ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔

صحت اور میڈیکل کی تعلیم کی وزارت کی ترجمان سیما سادات لاری نے کہا کہ 2560 نئے کیسز میں 1295 مریضوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ ایران میں اس دوران کووِڈ۔19 سے 163 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک میں اس وبا سے اب تک 11571 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ ایران میں کورونا کے 201330 مریض مکمل صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 3168 مریضوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ یہاں اب تک 1794727 افرادا کا کورونا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ ایران کے 18 صوبوں مں کورونا کا خطرہ زیادہ ہے اور ہر کسی کو محتاط رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔ ملک میں اتوار سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم کر دیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×