اندرون ملک مسافر پروازیں 25؍مئی سے شروع ہوں گی: وزیر شہری ہوا بازی
نئی دہلی: 20؍مئی (عصر حاضر) وزیر شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے آج یہ اطلاع دی ہے کہ دو مہینے کے طویل عرصہ کے بعد گھریلو مسافر پروازیں پیر سے شروع ہو جائیں گی۔ ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا ’’گھریلو پروازیں مرحلہ وار طریقے سے 25 مئی سے شروع کی جائیں گی۔ سبھی ہوائی اڈوں اور طیارہ خدمات کمپنیوں کو اس کی اطلاع دی جارہی ہے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کے انفیکشن کے پیش نظر ہوائی اڈوں اور طیاروں کے اندر برتی جانے والی احتیاطی تدابیر اور نئے حالات میں پروازوں کے طور طریقوں کے بارے میں اور پروازوں کا معیاری طریقہ کار (ایس او پی) سے متعلق رہنما خطوط جلد جاری کئے جائیں گے۔
Domestic civil aviation operations will recommence in a calibrated manner from Monday 25th May 2020.
All airports & air carriers are being informed to be ready for operations from 25th May.
SOPs for passenger movement are also being separately issued by @MoCA_GoI.
— Hardeep Singh Puri (@HardeepSPuri) May 20, 2020
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کو قابو میں کرنے کے لئے 25 مارچ سے ملک میں سبھی گھریلو پروازوں پر روک لگادی گئی تھی، اگرچہ مال بردار طیاروں اور خصوصی اجازت یافتہ مسافر طیاروں کی پروازیں جاری تھیں۔ بین الاقوامی پروازیں 22 مارچ سے ہی بند ہیں۔ ہردیپ پوری کی اطلاع کے مطابق گھریلو پروازیں شروع ہوں گی۔ تاہم بین الاقوامی پرواز سے متعلق ابھی تک کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔