احوال وطن

وزیر اعظم ملک کے مسلمانوں کی زندگی بچانے کی ذمہ داری میں ناکام رہے

نئی دہلی: 11؍مارچ۔ دہلی فسادات پر آج لوک سبھا میں گرماگرم بحث کے دوران اسد الدین اویسی نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کے مسلمانوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ فسادات کی عدالتی جانچ کرائی جائے۔ بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا کہ ’’جب دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات میں لوگوں کو مارا جارہا تھا اس وقت نریندر مودی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا خیر مقدم کررہے تھے جہاں بحریہ کا بینڈ ’کین یو فیل دی لو ٹونائٹ‘ کی دھن بجائی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کے مسلمانوں کی زندگی بچانے کی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔‘‘

انہوں نے مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو دہلی فسادات کے لئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق دہلی میں قانون وانصرام قائم رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔ یہ کہا گیا کہ پولس فورس مناسب تعداد میں مہیا نہیں تھی۔ ایسی صورت حال میں لفنٹنٹ گورنر فوج بلاسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’’آپ بالکل شرمندہ نہیں ہیں۔ شمال۔مشرقی دہلی کے نالوں میں پڑی لاشوں پر آپ فخر محسوس کررہے ہیں۔ کیا آپ کی اندر ذرا بھی انسانیت نہیں ہے۔‘‘

اسدالدین اویسی نے کہا کہ فسادات میں مارے گئے انکت کے جانوں کی قیمت فیضان کے جانوں سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے اس پورے معاملے کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی تفتیشی ٹیم پر ان کا اعتماد نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک کل جماعتی کمیٹی بناکر فسادات سے متاثر علاقوں میں بھیجے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×