احوال وطن

ہندوسینا کی ریالی کے اعلان کے بعد شاہین باغ میں دہلی پولیس نے لگائی دفعہ144‘ ہندو سینا نے واپس لے لیا تھا اعلان

نئی دہلی: یکم مارچ (ذرائع)  ملک کی راجدھانی دہلی کے شاہین باغ علاقے میں دو ماہ سے بھی زیادہ سے لوگ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آرسی کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اور حال ہی میں دہلی کے فسادات کے فوراً بعد  ہندو سینا  نے شاہین باغ میں جوابی احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ ہندو سینا نے29؍فروری کو اس اعلان کو واپس لےلیا تھا۔ اس کے باوجود دہلی پولیس کی جانب سے احتیاطاً علاقے میں پورےدن کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی۔ تاکہ ایک جگہ زیادہ لوگ جمع نہ ہوسکیں۔ واضح رہےکہ شمال مشرقی دہلی میں فسادات کےخلاف شاہین باغ کےمظاہرین نے یکم مارچ کو ہی امن مارچ نکالنےکا اعلان کیا تھا ۔شاہین باغ معاملے میں دہلی پولیس کےجوائنٹ کمشنرڈی سی شریواستو نےکہا کہ احتیاط کے طور پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ پولیس کا مقصد ہے کہ امن وامان اور لاء اینڈ آرڈر برقرار رہے۔ کسی بھی طرح کی ناگہانی حادثہ کے لئے پولیس نے یہ تیاریاں کی ہیں۔

دراصل، ہندو سینا نےیکم مارچ کو شاہین باغ میں احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کیا تھا۔ کئی اور چھوٹی تنظیموں نےاس کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نےبتایا کہ اس اعلان کےبعد انہوں نے ہندو سینا سمیت دیگر متعلقہ تنظیموں سے اس بابت بات چیت کرکے انہیں احتجاجی مظاہرہ نہ کرنے کے لئے راضی کرلیا ہے۔ پولیس افسران نے بتایاکہ شمال مشرقی ضلع میں پُرتشدد بھیڑ کو دیکھتے ہوئے شاہین باغ میں احتیاطاً دفعہ144 نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ شاہین باغ کے احتجاجی مظاہرین کو اس سےکوئی پریشانی نہیں ہے، دیگر شخص کے یہاں آنے پر حراست میں لے لیا جائےگا۔ شاہین باغ میں ڈھائی ماہ سے سی اے اے – این آرسی کےخلاف احتجاجی مطاہرہ چل رہا ہے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ بھی پہنچ چکا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے معاملہ کوحل کرنےکےلئےثالث نامزدکیا تھا، جنہوں نےاپنی رپورٹ عدالت کو سونپ دی ہے۔ سپریم کورٹ نے معاملےکی سماعت کو 23 مارچ تک کےلئےملتوی کردیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×