احوال وطن

دہلی میں دیوالی کے موقع پر اس سال بھی پٹاخوں کے استعمال پر رہے گی پابندی: کیجریوال

نئی دہلی: 15؍ستمبر (عصرحاضر) دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آلودگی کے پیش نظر قومی راجدھانی میں اس بار بھی دیوالی کے موقع پر پٹاخوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ لگاتار تیسرا موقع ہے جب دہلی میں پٹاخوں کے ذخیرہ، فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔کیجریوال نے کاروباریوں سے اس سال پٹاخوں کا اسٹاک خریدنے یا رکھنے سے بچنے کے لئے اپیل کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’’دہلی میں گزشتہ تین سالوں میں دیوالی کے دوران آلودگی کے خطرناک سطح کے پیش نظر ہم پھر سے لوگوں کی جان بچانے کے لئے کسی بھی طرح کے پٹاخوں کے ذخیرہ، بکری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر رہے ہیں۔‘‘
یہ فیصلہ دہلی کے کاروباریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیونکہ گزشتہ سال اس اعلان نے کئی دکانکاروں کو تذبذب میں ڈال دیا تھا کیونکہ انہوں نے تہوار سے کچھ ہفتہ پہلے ہی بھاری اسٹاک خرید لیا تھا۔ سردیوں کی شروعات کے ساتھ ہی راجدھانی تازی ہوا کے لئے جدوجہد کرنے لگتی ہے کیونکہ پڑوسی ریاستوں یوپی، پنجاب اور ہریانہ میں فصل کی باقیات کو جلانے کے سبب آلودگی کی سطح بڑھنے لگتی ہے۔ پٹاخے پھوڑنے سے مسئلہ اور بڑھ جاتا ہے، جس سے ہوا بہت زہریلی ہو جاتی ہے اور اس کے سبب شہریوں کو کم از کم ایک ہفتہ کے لئے سانس لینے میں شدید دقت ہوتی ہے۔
حال ہی میں وزیر اعلیٰ نے ویپ کوس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں کسانوں کو پوسا سے بنے بایو ڈی کمپوزر کا استعمال کرنے کے لئے حوصلہ افزا کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے علاوہ دہلی حکومت ونٹر ایکشن پلان پر بھی کام کر رہی ہے۔ ماحولیات سے لے کر ٹرانسپورٹ اور ایم سی ڈی تک تمام محکموں کو 21 ستمبر تک منصوبہ بنانے کو کہا گیا ہے تاکہ اس مہینے کے آخر تک کسی نتیجہ پر پہنچا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×