احوال وطن

اہانتِ رسولﷺ کے خلاف مظاہرے؛ اترپردیش کے 9؍اضلاع سے 306افراد گرفتار، 13 ایف آئی آر درج

لکھنؤ: اتر پردیش پولیس نے نو اضلاع میں نماز جمعہ کے بعد ہوئے تشدد کے سلسلے میں اب تک 306 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ دراصل بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما اور پارٹی کی دہلی اکائی سے معطل میڈیا انچارج نوین جندل کے تبصرہ کے خلاف احتجاج کے دوران ہوئے تشدد میں کئی پولس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے ، عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا ۔ یوپی کے نو اضلاع میں اس تشدد کے سلسلہ میں اب تک 13 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
یوپی پولیس کے مطابق جمعہ کے تشدد میں اب تک 306 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس دوران سہارنپور میں 71، ہاتھرس میں 51، امبیڈکر نگر میں 34، پریاگ راج میں 92، مراد آباد میں 35، فیروز آباد میں 15، علی گڑھ میں 6 اور جالون میں 2 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لکھیم پور کھیری کا ایک ملزم پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔ یہاں ایک ہی ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔
یوپی کے اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر پرشانت کمار کے مطابق نماز جمعہ کے بعد نو اضلاع میں تشدد کے واقعات پیش آئے تھے۔ پریاگ راج اور سہارنپور میں تین تین، فیروز آباد، علی گڑھ، ہاتھرس، مراد آباد، امبیڈکر نگر، کھیری اور جالون میں ایک ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ اب تک 306 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
وہیں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس اور انتظامی افسران کو 3 جون کو کانپور ضلع میں اور مختلف اضلاع میں نماز جمعہ کے بعد ہوئے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے اور کارروائی ایسی ہونی چاہئے کہ سماج دشمن سوچ رکھنے والے تمام عناصر کے لئے مثال بن جائے اورماحول کو خراب کرنے کا کوئی سوچ بھی نہ سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×