احوال وطن

نعمت کی قدر کرنے والوں پر اللہ کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں

دیوبند،29؍ اکتوبر(سمیر چودھری) مقامی معروف دینی ادارہ مدرسہ اشرف المدارس میں جلسہ تقسیم انعامات ودستار بندی کا انعقاد عمل میں آیا ۔جس کا آغاز محمد قاسم شارق کی تلاوت کلام پاک اور فیض اکمل کی نعت پاک سے ہوا ۔اس دوران تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے 9؍ طلبہ کی دستار بندی علماء کے ہاتھوں کی گئی۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا محمد سلمان بجنوری نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم کی دولت جسے حاصل ہوتی ہے اس پر اللہ کا بڑا احسان ہے ،یہ علم انہیں کو عطا کیا جاتاہے جو اس کے لائق ہوتے ہیں ، محنت کرتے ہیں اور نیکی کے ساتھ وقت گزارتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جو اکابرین تھے اللہ نے انہیں اس لئے بڑابنایا کہ انہوں نے وہ زندگی گزارنے کی کوشش کی جو مطلوب تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج جن طلبہ نے قرآن کریم حفظ مکمل کیا ہے وہ بڑے خوش نصیب ہیں۔ قاری عاصم نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کریم اللہ کی کتاب ہے ،اس کی قدر کرنے والوں پر اللہ کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں ۔ اگر کوئی اس کو سمجھ کر پڑھے اوراس کے معانی ومطالب پر بھی آگاہی حاصل کرے تو بے انتہا ثواب ہے لیکن حافظ کے جو درجات ہیں ان پر احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں خوب روشنی ڈالی گئی ہے۔ ادارہ کے ذمہ دار قاری شارق نے کہا کہ وہ والدین مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کے لئے حفظ قرآن کریم کا راستہ اختیار کیا ان ہی کی لگن اور کوشش سے اور ان کے جذبہ خیر سے یہ منزل طے ہوئی ہے۔ قاری وامق نے کہا کہ اس سماج اور معاشرے کی بہت سی ذمہ داریاں ہم سے متعلق ہیں جن کا پورا کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے ، مذکورہ مدرسہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، خدا اس کو آسانیاں فراہم کرے۔ جن طلبہ کی دستار بندی کی گئی ان میں محمد اقدس ، محمد ثاقب، محمد سعید، محمد بلال، محمد شاہ زماں، محمد فیض، محمد عابد، محمد عبدالودود، محمد قاسم نوید کے نام قابل ذکر ہیں ۔ پروگرام میں قاری نصرالٰہی، مولاناقاری عمر الٰہی، مولانا ولی عثمانی، قاری ظفر احمد، قاری نعمان،قاری عبدالرحمن، قاری عدیل احمد، قاری سہیل، مولانا سفیان غانم، مسعود صدیقی، سید وجاہت شاہ، نوید عثمانی، محمد اکمل، حاجی خورشید صدیقی، منصر عثمانی، شمس الزماں، فائز سلیم، سیداسلم کاظمی ، مولانا انعام، عمر ثاقب وغیرہ نے شرکت کی ۔ پروگرام کی صدارت مولانا سلمان بجنوری نے کی اور نظامت مولوی محمد ذکوان نے کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×