احوال وطن

دارالعلوم وقف دیوبند نے معاصر علوم پر مشتمل کورس کو نصاب میں کیا شامل

دیوبند،17؍ ستمبر(سمیر چودھری) عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں حسب روایت مجلس مشاورت کے اجلاس مولانا قمرالزماں الٰہ آبادی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے مؤقر اراکین مجلس مشاورت نے شرکت کی۔ اس موقع پر اراکین مجلس مشاورت نے ادارہ کی تیز رفتار ہمہ جہت ترقیات تعلیمی انضباط اور تعمیری تسلسل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اورذمہ دارانِ ادارہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کیںاورمستقبل کے عزائم پر گفت وشنید وباہمی تبادلۂ خیال کرتے ہوئے متعدد اہم تجاویز کے ذریعہ مضبوط لائحہ عمل تیار کیا ۔اس دوران ماضی قریب میںملک وبیرون ملک کی نامور ہستیوں کی رحلت پر تعزیتی قرار داد منظور کی گئیں۔دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے اہتمام کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اورکہاکہ ذات حق جل مجدہ کا نہایت فضل و احسان ہے کہ آپ حضرات کی بزرگانہ و مربیانہ سرپرستی میں دارالعلوم وقف دیوبند قدم بہ قدم ہمہ جہت تعلیمی و تربیتی، انتظامی و تعمیری سرگرمیوں میں ارتقا و اصلاحات کی جانب گامزن ہے، تعلیمی سال کے دورانیہ میں ملک و بیرون ملک کے مؤقر اداروں، اکیڈمیوں اور تنظیموں سے منسلک و وابستہ افراد کی ادارے میں التزاما حاضری اور نظام کار کے معائینے اور اساتذہ و طلبا سے اجتماعی گفت و شنیدکی فرمائش و خواہش الفاظ کے ساتھ ساتھ عملًا ادارے کی عظمت کے اعترافات کی واضح دلیل کا ہی ایک حصہ ہے۔ادارہ میں مسلسل ترجیحی طورپر ملک بھر سے طلبہ داخلہ کی خواہش لیکر آرہے ہیں،اس دوران انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ نے دیگر تعلیمی ترقیات کے ساتھ ملک کے تعلیمی اسٹریکچر National Curricular Frameworkکے معیار کو سامنے رکھ کر انگریزی ہندی حساب اورسوشل سائنس جیسے معاصر علوم پر مشتمل کورس کو نصاب کا لازمی حصہ بنا کر شامل کیاہے، اس سے درس نظامی کی تکمیل کے ساتھ ساتھ ہی ان کے لئے عصری درسگاہوں تک رسائی کی راہ آسان ہوجائے گی اوریہ سلسلہ مدارس کی اساسی روح کو برقرار رکھتے ہوئے مفید نتائج کا حامل ہوگا۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے صدرالمدرسین وناظم تعلیمات مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے شعبہ تعلیمات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ، جس میں انہوں نے ادارہ میں تعلیم وتربیت کے باب میں کی گئی اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے امتحان سالانہ ،امتحان داخلہ نیزیک سالہ جملہ تعلیمی کا رروائی سے اراکین مجلس کو مطلع کیا، خاص طور پر درجات ثانویہ اور تکمیلات کے تعلیمی انضباط ، ماہانہ امتحان کا اہتمام،شعبہ حفظ کے مستحکم نظام، درس میں پابندی اور طلبہ کیلئے حاضری کے اہتمام کو تفصیل سے بیان کیا۔ حجۃالاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا ڈاکٹرمحمد شکیب قاسمی نے حجۃ الاسلام اکیڈمی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے حجۃ الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام گذشتہ ایک سال کے دورانیہ میں ہوئے تحقیقی وتصنیفی سرگرمیوں نیز ناگزیر معاصر مسائل پر ہوئے اہم علمی محاضرات نیز جاری جملہ تحقیقی امور سے حضرات اراکین مجلس مشاورت کو مطلع کراتے ہوئے کہاکہ حجۃ الاسلام اکیڈمی اپنے اہداف ومقاصد میں کامیابی کی بناء پر ملکی وبین الاقوامی اصحاب علم وبصیرت کے نزدیک پذیرائی حاصل کررہی ہے ،حضرات اراکین نے اکیڈمی کی جملہ سرگرمیوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اکیڈمی کے سلسلے میں اہم مشوروں سے نوازا،چنانچہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اکیڈمی کے تحقیقی امور کو سراہتے ہوئے تجویز پیش کی کہ اکابر علمائے دیوبند کے حالات کو یکجاکیاجائے تاکہ جن اکابر کے حالات اب تک سامنے نہیں آسکے ان کی خدمات سے لوگ روشناس ہوسکیں بعد ازاں شعبہ تنظیم وترقی کی رپورٹ پیش ہوئی جس میں فراہمی مالیات کیلئے کی گئی کدوکاوش اور جاری جدوجہد سے اراکین کو مطلع کیا گیا ،شعبہ تنظیم وترقی کی رپورٹ کے بعد شعبہ محاسبی کی رپورٹ پیش کی گئی ، جو کہ سال گذشتہ کے آمد وصرف کی تفصیلات اور آئندہ سال کے بجٹ پر مشتمل تھی ، جس کی جملہ اراکین مجلس نے توثیق فرمائی،مختلف رپورٹ کے مدنظر مفاد ادارہ میں کئی ایک امور پر گفت وشنید اور تبادلۂ خیال ہوا اورمفاد ادارہ میں متعدد اہم تجاویز پیش ہوئیں ، جنہیں باتفاق جملہ اراکین منظور کیا-مولاناخالد سیف اللہ رحمانی نے منجانب ادارہ پیش کی گئی رپورٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ نے مدارس کی روح کو باقی رکھتے عصری علوم کی جانب جس انداز میں پیش رفت کی ہے یقینا ادارہ کے ذمہ داران اس کیلئے قابل مباکباد ہیں ۔اخیر میں صدر مجلس مولانا قمرالزماں الہ آبادی نے ادارہ کی سالانہ کارکردگی پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔اجلاس کا آغاز قاری عبداللہ میاں کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی نے انجام دیئے۔اس موقع پرملک بھر سے تشریف لائے متعدد اراکین مجلس مشاورت موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×