احوال وطن

دارالعلوم دیوبند میں قدیم طلبہ کے داخلے کی کارروائی شروع

دیوبند،22؍ اگست(سمیر چودھری) اترپردیش کی یوگی حکومت کے ذریعہ اسکول و کالجوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایات کے بعد جہاں طویل وقفہ کے بعد تعلیمی اداروں کے دروازے کھل گئے ہیں وہیں اب ایشیاء کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے بھی ایک مرتبہ پھر ادارہ میں تعلیم نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اتوار کے روز دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جملہ قدیم طلبہ کے لئے اعلان جاری کرتے ہوئے 31؍ اگست تک داخلہ کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی نے ادارہ میں حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق تعلیمی نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سال بھی ادارہ میںجدید داخلے نہیں ہونگے۔ مفتی ابوالقاسم نے کہاکہ ادارہ کے عربی پنجم ،ششم،ہفتم اور دورہ ٔ حدیث شریف میں تعلیم حاصل کرنے والے صرف قدیم طلبہ 31؍ اگست تک دیوبند میں حاضر ہوکر اپنے داخلہ کی تکمیل کرلیں تاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کووڈ19؍ پروٹول کے مطابق یکم ستمبر 2021ء سے تعلیم کا آغاز کیاجاسکے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا خیال رکھیں،سفر کے دوران قطعی کوتاہی نہ برتیں۔ اس سے قبل دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی کے فیصلہ کے بعد حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق ادارہ میں گزشتہ دنوں ہی تکمیللات اور اول عربی تا چہارم عربی تک کے قدیم طلبہ کے داخلہ کی کارروائی مکمل کی جاچکی ہے۔ اب عربی پنجم سے دورہ حدیث تک کی تعلیم بھی حکومتی گائیڈ کے بعد یکم ستمبر سے شروع ہوجائیگی۔وہیں مشہور و معروف ادارہ دارالعلوم وقف دیوبند، ممتاز ادارہ دارالعلوم زکریا،جامعہ امام محمد انور شاہ اور جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی میں بھی طلبہ کے داخلہ کی کارروائی جارہی ہے۔ واضح ہوکہ اترپردیش حکومت نے مرحلہ وار طریقہ سے تعلیمی اداروں کو کھولے جانے کے احکامات جاری کررکھے ہیں، جس کے تحت 16؍ اگست سے سینٹر سیکنڈری درجات ،23؍ اگست جونیئر درجات اور یکم ستمبر سے باقی تمام زمروں کے تعلیمی اداروں کو کھولے جانے کے احکامات کووڈپروٹول کے تحت جاری رکھے ہیں۔ جن پر 16؍ اگست سے عمل شروع ہوچکاہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×