احوال وطن

مولانا محمد اسلام قاسمی کی دو نئی کتابوں ’درخشاں ستارے‘‘ اور ’’دارالعلوم وقف دیوبند اور حکیم الاسلامؒ‘ کا اجراء

دیوبند،2؍ دسمبر(سمیر چودھری) دارالعلوم وقف دیوبند کے قدیم استاذ مولانا محمد اسلام قاسمی کی ’’درخشاں ستارے‘‘ اور ’’دارالعلوم وقف دیوبند اور حکیم الاسلامؒ‘‘ نامی دو کتابوں کا اجراء دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مولانا محمد سفیان قاسمی نے صاحب کتاب کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ایک قدیم منجھے ہوئے صاحبِ طرز و صاحب فکر و نظر ادیب ہیں، ان کے مضامین کی انفرادیت کے گواہ ہندوستان کے مختلف رسائل و مجلات ہیں۔ ان کی تحریری بانکپن اور سلاست و روانی کا زمانہ قائل ہے۔ انہوں نے ہر موضوع پر لکھا اور خوب لکھا ہے۔ اس کے ساتھ وہ ایک مقبول و قابل استاذ بھی ہیں۔ نو شائع شدہ دونوں کتابیں ان کی قلم و تحریر سے وابستگی، اپنے اساتذہ سے لگائو اور ان سے تعلق نیز دارالعلوم دیوبند اور خانوادۂ قاسمی خصوصاً حضرت حکیم الاسلامؒ سے انس و لگائو کی غماز اور ایک حسین و لطیف اور تاریخی شاہکار ہے۔ حق تعالیٰ ان کتابوں کومقبولیت عطا فرمائے۔ بھٹکل سے تشریف لائے مولانا عبدالمتین منیری نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد اسلام قاسمی کا قلم عربی واردو دونوں زبانوں میں یکساں طور پر ہمیشہ رواں رہا ہے۔ان کی تحریریں ہمیشہ جامعیت کے ساتھ شستہ و شائستہ رہی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ ان کی یہ دونوں کتابیں بھی سند قبولیت حاصل کریں گی، نیز ’’دارالعلوم دیوبند اور حکیم الاسلام‘‘ نامی کتاب سے حضرت حکیم الاسلامؒ کے ساٹھ سالہ دور اہتمام کی واضح تصویر ان کی زریں خدمات نمایاں کارنامے، اہم سرگرمیوں کے ساتھ حضرت کے مقام و مرتبہ پر جامع تحریر لوگوں کے سامنے آئے گی۔ اسی طرح ’’درخشاں ستاروں‘‘ کے نامی کتاب سے بہت سی گمنام شخصیت کی خدمات اور ان کے علمی مظاہرے سے لوگ واقف ہوسکیں گے۔مؤلف کتاب مولانا محمد اسلام قاسمی نے حاضرین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اور خانوادۂ قاسمی خصوصاً حضرت حکیم الاسلامؒ پر مفصل سوانح حیا ت اور بہت سی تحریرات منظر عام پر آچکی ہیں لیکن میری خواہش تھی کہ ذاتی طور پر حضرتؒ کی عظیم وناقابل فراموش خدمات کو سپر قلم کروں اور اس سلسلے میں جوبہت سی یادیں اور نقوش ذہن و قلوب پر نقش تھے۔ ان سے نسل نو کو متعارف کرائوں۔ یہی مقصد اس کتاب کی تالیف کا محرک بنی۔ دوسری کتاب ’’درخشاں ستارے‘‘ ان درسگاہوں اور اساتذۂ کرام کے تذکروں پر مشتمل ہے جس سے میں نے اکتساب فیض کیا۔ اس موقع پر جنہوںنے اپنی نیک تمنائیں پیش کیں میں اُن کا شکر گذار ہوں۔ اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کے علاوہ بھٹکل سے تشریف لائے مولانا عبدالمتین منیری، مفتی ساجد کھجناوری، مفتی نوشاد نوری وغیرہ بطور خاص موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×