احوال وطن

مسلمان قربانی کے دوران حکومت اور محکمہ صحت کی گائیڈلائن کا خیال رکھیں

دیوبند،27؍ جولائی(سمیر چودھری)جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے مسلمانانِ ہند سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی مہلک وبا اورموسمی بیماریوں کے مدنظر آنے والے تہوار عیدالاضحی کے موقع پر حکومت اور وزارت صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائن پر عمل کریں اورقربانی کے مدنظر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور حکومتی ہدایت کے مطابق (سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ) عیدالاضحی کے ادا کریں۔ تفصیل کے مطابق آج دیوبند کے سی او رجنیش کمار اپادھیائے نے جمعیۃ ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ مدنی منزل پہنچ کر ملاقات کی ۔سی او رجنیش کمار نے بتایا کہ انھوں نے مولانا مدنی سے آنے والے تہوار عیدالاضحی سے متعلق بتادلہ خیال کیا اورکورونا وائرس کے انفیکشن پھیلنے کے درمیان منائے جانے و الے تہوار، جانوروں کی قربانی مرکزی وریاستی حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائن نیز مقامی انتظامیہ ومحکمہ صحت کی طرف جاری کی جانے والی ہدایات کے بارے میں گفتگو کی۔ اس موقع پر مولانا سید ارشد مدنی نے امت مسلمہ باالخصوص ہندوستان کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ کووڈ19-کے خطرات کے پیش نظر وائرس سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لئے مساجد یااپنے گھروں میں وزارت صحت کی جانب سے جاری ہدایات اورگائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے عیدالاضحی کی نماز اداکریں۔ انھوں نے کہا کہ اِسی طرح سنت ابراہیمی ادارکرنے کے لئے جاری ہدایات کو ذہن میں رکھیں اورقربانی کے بعد تمام گندگی کو اس طریقہ سے دفن کردیں کہ اس کی بو آس پاس بھی نہ محسوس ہو۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہر مسلمان ممنوع جانوروں کی قربانی کرنے سے گریز کرے ، لیکن اگر ان سب احتیاطوں کے بعد بھی کوئی پریشان کرے تو مقامی انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر قربانی کا فریضہ انجام دیں۔ مولاناموصوف نے مہلک وباکووڈ19-سے متعلق کہا کہ اس جان لیوابیماری سے محفوظ رہنے کے لئے مسلمانوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے دعاکرنی چاہئے اورتوبہ واستغفار کا اہتمام کرناچاہئے۔ اس موقع پر سی او کے علاوہ خانقاہ پولیس چوکی کے انچارج اصغر علی اورسید ظفر وغیرہ موجودرہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×