احوال وطن

دارالعلوم دیوبند کے سالانہ امتحانات منسوخ‘ ششماہی امتحان کے نتائج ہی سالانہ کے قائم مقام ہوں گے

دیوبند، 5؍مئی (سمیر چودھری) بین الاقوامی عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند نے ملک میں تیزی کے ساتھ کورونا وائرس پھیلنے کے مدنظر سالانہ امتحانات منسوخ کردئے ہیں، اسی کے ساتھ یہ فیصلہ بھی لیا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے لئے بھی داخلہ امتحان کا انعقاد نہیں ہوگا۔ تفصیل کے مطابق دیوبند میں کورونا وائرس کے متأثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے کے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ نے گزشتہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہونے والے سالانہ امتحان ملتوی کرکے تعطیل کا اعلان کردیا تھا، جس کے بعد ادارہ کے زیادہ ترطلبہ اپنے گھروں کو واپس چلے گئے تھے۔ ہندوستان کے سب سے بڑے دینی تعلیم کے ادارہ نے سالانہ امتحانات منعقد کرانے کے لئے کورونا کی مہلک وبا کے خاتمہ تک انتظار کیا جارہا تھا ، لیکن یہ مہلک وبا ختم ہونے کے بجائے پھیلتی جارہی ہے، جس کے مدنظر منگل کے روز دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیم اور انتظامیہ کی ایک مشترکہ میٹنگ کا انعقاد دفتر اہتمام میں کیا گیا اور موجودہ حالات اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کو مدنظر رکھتے ہوئے سالانہ امتحانات منسوخ کئے جانے کا اہم فیصلہ لیا گیا۔ اس کے لئے علاوہ مذکورہ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام درجات میں ششماہی امتحان کی بنیاد پرہی طلبہ کو کامیاب قرار دے کر دوسرے درجات میں داخلہ دے دئے جائیں گے۔ ادارہ کے نئے تعلیمی سال کے سلسلہ میں بھی پہلے سے طے شدہ ماہ مئی کے آخر میں منعقد کئے جانے والے داخلہ امتحانات کو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مذکورہ میٹنگ کے فیصلوں سے یہ نتیجہ اخذ کیا جارہاہے کہ اس سال دارالعلوم دیوبند میں کسی بھی نئے طالب علم کا داخلہ نہیں لیا جائیگا۔ ناظم تعلیمات مولانا خورشید گیاوی نے مجلس تعلیم کی جانب سے لئے گئے مذکورہ فیصلوں کی تصدیق کی ہے۔ حالانکہ ابھی اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کی جانب سے کوئی تحریر جاری نہیں کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×