احوال وطن

اسلام کی امن وسلامتی والی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت

دیوبند،6؍ مارچ(سمیر چودھری) حسب روایت علاقہ کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ تحفیظ القرآن موضع ابراہیمی سرساوہ کے نویں سالانہ اجلاس عام کا انعقاد کیاگیا، جس میں نامو رعلماء کرام نے شرکت کرکے حاضرین جلسہ کو ایمان کے تحفظ کی تلقین کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ پر زور دیا۔جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے رکن شوریٰ مولانامحمد عارف قاسمی کی سرپرستی میں منعقد اجلاس میں دارالعلوم دیوبند کے ممتاز استاذ مولانا محمد سلمان بجنوری نقشبندی نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران اصلاح معاشرہ اورسود جیسی لعنتوں سے معاشرہ کو پاک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ سماج کی بگڑتی صورت حال کو ہمیں درست کرنا ہے اور اسلام کی صحیح صورت دنیا کے سامنے پیش کرنی ہے۔ انہوں نے ملک کی قدیم روایتوں اور آپسی بھائی چارہ کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ ماحول میں اسلام کی امن وسلامتی اور محبت بھری تعلیمات کو عام کرناہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے نظام تعلیم کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے مدارس کی اہمیت اور اکابرین دیوبند کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ مدارس کے تحفظ اور ایمان کی بقاء کے لئے اکابرین کی خدمات حیرت انگیز اور قابل رشک ہیں۔ بزرگ عالم دین مفتی عبدالغنی ازہری نے کہاکہ ہمارے دنیا میں آنے کا مقصد اللہ کی عبادت کرناہے اور یہ اسی صورت میںممکن ہے جب ہمارا ایمان پختہ ہوگا اسلئے آج اس چیز پر سخت محنت کی ضرورت ہے کہ ایمان کی حفاظت کیسے کی جائے۔مولانا نے فرمایاکہ اسلام مخالف طاقتوں کانشانہ صرف ہمارا ایمان ہے کیونکہ ایمان ہی وہ طاقت ہے جو ہمارے نظام زندگی کو مضبوط بناتا ہے جس سے دنیاوی طاقتیں پوری طرح خائف ہیں۔جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر مولانا حبیب اللہ مدنی نے معاشرہ میں پیدہ شدہ بگاڑ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے سنت نبوی ؐ کے مطابق اپنی زندگیاں ڈھالنے پر زور دیا اور کہاکہ دونوں جہاں میں سرخروئی اور کامرانی کے لئے اپنے اخلاق و معاملات کو دین محمدی کے مطابق سنواریں۔مولانا مدنی نے مرحوم مولانا زاہد حسن ؒو بانی جامعہ مفتی طیب قاسمیؒ کی زندگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ادارہ کے ذمہ داران کی خدمات کو لائق تحسین قرا ردیا۔ علاوہ ازیں مولانا محمد جعفر اور صوفی معین الدین وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور بانیان جامعہ کی خدمات کی ستائش کی۔ اس موقع پر جامعہ کے مہتمم و نوجوان عالم دین مولانااحسن زاہدی نے ادارے کے تعارف کے ساتھ سالانہ آمدو خرچ کی مکمل رپورٹ پیش کی ،جسے موجود علماء کرام نے قابل اطمینان قراردیا۔ دریں اثناء ادارہ میں سال رواں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے طلبہ کو دستار فضیلت سے نواز ا۔ اجلاس کی صدارت مولانامفتی عبدالغنی ازہری نے کی۔ قبل ازاں اجلاس کا آغاز قاری صلاح الدین کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ خصوصی شرکاء میں مدرسہ کنزالعلوم ٹڈولی کے مہتمم مولانامحمد عامر،مفتی عبدالخالق قاسمی،مولانا اشفاق ابراہیمی،مولانا فرقان رائیپوری،حافظ محمد ساجد،مولانا انتظار،مولانامزمل،جامعہ مسجد گوجرواڑہ کے امام و خطیب قاری زبیر احمد قاسمی،مولانا محمد امجدعابد،ہریانوی،مولانا افضل زاہدی اور مولانا عبدالقارد مغیثی وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں علاقہ کے عوام نے شرکت کی۔۔ آخر میں مدرسہ کے مہتمم و پروگرام کنوینر مولانااحسن زاہدی نے تمام مہمانوںاور حاضرین کاشکریہ اداکیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×