احوال وطن

اصلاح معاشرہ کے لئے ہرفرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے

دیوبند،24؍ فروری(سمیر چودھری) گنگوہ علاقہ کے موضع گھاٹم پور میں واقع معروف دینی ادارہ مدرسہ ضیاء القرآن میں نویں سالانہ اجلاس عام کا انعقاد کیاگیا،جس میں بطور مہمان خصوصی جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید قاری محمد عثمان منصورپوری اور جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر مولاناظہور احمد قاسمی نے شرکت کی ۔ سالانہ اجلاس کے دوران علماء کرام کے ہاتھوں بچوں کی دستار بندی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے اپنے پرمغز خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور اصلاح معاشر ہ کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہر مسلمان پر علم دین سیکھنا فرض ہے، اسلئے تمام حضرات کو اپنے بچوں کی دینی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔انہوںنے معاشرہ میں پنپ رہی برائیوں اور خرابیوں پر نہایت افسوس کااظہارکیا اور کہاکہ سماج کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اصلاح معاشرہ پر خصوصی توجہ دے اور سماج میں پیداہورہے نت نئے فتنوں کے سدباب کے لئے آگے آئے۔ انہوںنے سنتوں کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ دنیا آخرت کی فلاح و بہبود کے لئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے اور نمازروزوں کی پابندی کریں۔ اس دوران انہوںنے مدرسہ کی تعلیمی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے اساتذہ کو بچوں کی تربیت سازی پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔ جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر مولانا اظہور احمد قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران سماج میں پھیل رہے نشہ کی بیماری پر توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ بڑے افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے نوجوان راہ راست سے بھٹک رہے ہیںاور سماج میں تیزی کے ساتھ نشہ آور اشیاء کا استعمال بڑھ رہاہے ،جس سے نوجوان اپنی نوجوانیاں ضائع کررہے ہیں۔ انہوں نے سماج کے ذمہ داران سے اس جانب توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں ان نوجوانوں کی فکر کرنی ہوگی اور انہیں مساجدو مدارس سے جوڑنا ہوگا اسی وقت سماج میں کی خرابیوں کا بہتر طورپر علاج کیاجاسکتاہے۔ جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت کے مہتمم و شیخ الحدیث اور جمعیۃ علماء ہندمغربی یوپی کے صدر مولانا محمد عاقل قاسمی نے تعلیم کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ تعلیم و ہتھیارسے جس سے پوری دنیا کو فتح کیاجاسکتاہے، انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنی نئی نسل کے تئیں فکرمند ہونا چاہئے اور ان کارابطہ علماء کرام سے جوڑنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آج سماج میں برائیاں پھیلنے کا بنیادی سبب تعلیم سے دوری ہے اسلئے تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،جس میں ہر فرد کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہئے اور آگے بڑھ کر عملی کام کرنا چاہئے۔ مولانا محمد عاقل نے مدرسہ کی تعلیمی کارکردگی اور ذمہ داران کی محنتوں کی ستائش کی۔ علاوہ ازیں مدرسہ کنزالعلوم ٹڈولی کے مہتمم مولانامحمد عامر،جمعیۃ علماء ہند کے صوبائی سکریٹری مولانا محمد مشرف اور جامعہ دعوۃ الحق چررہو کے مہتمم مولانامحمد شمشیر قاسمی نے بھی اپنے خطاب کے دوران حالات حاضرہ اور تعلیم کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے قرآن وحدیث کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کی نصیحت کی ۔ اس دوران مدرسہ کے بانی و مہتمم مولانامحمد الطاف رشیدی نے مدرسہ کی سالانہ کارکردگی پیش کی اور مہمانوں کاشکریہ اداکیا ۔ نظامت کو فرائض قاری عبدالواجد نے انجام دیئے۔قاری محمد عثمان منصورپوری کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران مولانا غیور احمد،قاری مہردین،مولانا عبدالخالق،قاری شوقین،قاری عبدالجبار،مولانا محمد منور،قاری غیور،حافظ شرافت وغیرہ سمیت بڑی تعداد میں علاقہ کے لوگ شریک رہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×