ریاست و ملک

دیوبند کے شاہین میں پہنچی خانوادۂ قاسمی کی سماجی خدمتگار محترمہ عظمیٰ ناہیدکا خطاب

دیوبند،11؍ فروری(سمیر چودھری)متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف گزشتہ 12؍ دسمبر سے دیوبند میں خواتین کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے ،خواتین گزشتہ 16؍دن سے عیدگاہ کے میدان میں سخت سردی کے باوجود مسلسل احتجاج کررہی ہیں،سیکڑوں خواتین عیدگاہ کے میدان میں رات میں قیام کرتی ہیں ،سلسلہ وارطریقہ سے جاری یہ احتجاج دیوبند کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کررہاہے ،خواتین کے اس احتجاج کی آواز لکھنؤ اور دہلی تک محسوس کی جا رہی ہے،یہی وجہ ہے کہ یہاں انتظامیہ مسلسل احتجاج کو ختم کرانے کے لئے کوشاں ہیں۔ گزشتہ شب یہاں پہنچی خاندان قاسمی کی خاتون اور ممبئی کی معروف سماجی خدمتگار عظمی ناہید نے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی حوصلہ افزائی کی۔ متحدہ خواتین کمیٹی کے زیراہتمام جاری اس تحریک میں گزشتہ شب محترمہ عظمیٰ ناہید نے یہاں پہنچ کرخواتین کی اس تحریک کو اپنی مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا اور سی اے اے اور این آرسی و این پی آر کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت وقت سے اس قانوکو واپس لینے کی مانگ کی۔ انہوں نے دیوبند کی خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت اس متنازعہ اور کالے قانون کے خلاف ملک میں بہت سے شاہین باغ بن گئے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ ان احتجاج کرنے والوں کو مطمئن کریں۔انہوں نے کہاکہ بڑی عجیب بات ہے کہ جن لوگوںنے ملک کو آزادکرایا تھااآج ان ہی سے شہریت کو ثابت کرانے کے کاغذات مانگے جارہے ،حکومت کے چاہئے کہ فوری طورپر اس قانون کو واپس لے۔انہوںنے کہاکہ ملک کی معیشت تباہ ہورہی اور یہ حکومت ایئر ایڈیا، ایل آئی سی سمیت تمام اداروں کو فروخت کررہی ہے، اپنی ناکامیاں چھپانے کے لئے یہ لوگ عوام کو الجھارہے ہیں۔ اپنے خطاب میں سی اے اے اور این آرسی کی شدید الفاظ میںمخالفت کرتے ہوئے کہاکہ اس کالے قانون کے خلاف روز اول سے ہی پورا ملک سڑکوں پر ہے، اب اس کی پوری باگ ڈور خواتین کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ قانون مذہب کی بنیاد پرلایاگیا ہے جس کو برداشت نہیں کیاجائیگا، انہوںنے کہاکہ سرکار پوری طرح آر ایس ایس کے ایجنڈہ پر چل رہی ہے، ایکسو سے زائد ممالک میں اسکے خلاف احتجاج ہورہے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ سرکار ضد پر اڑی ہیںلیکن ہم بھی پیچھے نہیںہٹے گیں۔پروگرام منتظمین میں شامل ارم عثمانی نے کہاکہ سی اے اے آئین ہند کے خلاف ہے،جس کے لئے سیکولر ہندوستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پروگرام کی نظامت کررہی فوزیہ سرور نے کہاکہ جب تک سی اے اے واپس نہیں ہوگا اس وقت تک ہمارا احتجاجی مظاہرہ بدستور جاری رہے گا کیونکہ ہم یہاں آئین ہند کے تحفظ کے لئے بیٹھے ہیں۔ شہر سے مسلسل ٹولیوں میں ترنگے جھنڈوںکے ساتھ خواتین عیدگاہ میدان پہنچ رہی ہیں۔ جس سے دیوبند کے چپہ چپہ پر آزادی اور انقلابی نعرے گونج رہے ہیں۔متحدہ خواتین کمیٹی کی صدر آمنہ روشی ،عنبر ملک،نازیہ پروین، عذرا خان اور سلمہ احسن وغیرہ اس تحریک میں پیش پیش ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×