دارالعلوم دیوبند میں طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے نئے ضابطوں کا اعلان
دیوبند،15؍ جنوری(سمیر چودھری) ممتاز و مشہور دینی درسگادارالعلوم دیوبند نے طلبہ کو حاضری کے سلسلہ میں پابندی کرنے کے لئے نئے ضابطے اور ہدایات جاری کی ہیں اور غیر حاضری کی بنیاد پر امتحان سالانہ کے حاصل شدہ نمبرات وضع کرنے کا ضابطہ بنایاگیاہے تاکہ طلبہ غیر حاضری سے بچ سکیں۔ واضح ہوکہ دارالعلوم دیوبند کا تعلیمی سال ختم ہونے کے قریب ہے،اسی سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے ناظم تعلیمات مولانا حسین احمد ہریدواری نے طلبہ کے لئے ضروری اعلان جاری کرتے ہوئے مذکورہ نئے ضابطوںکا اعلان کیا ہے،جس میں کہاگیاہے کہ’’طلبۂ دارالعلوم دیوبند کو مطلع کیا جاتا ہے کہ امتحان سالانہ قریب ہے اس لئے ہمہ تن امتحان کی تیاری میں لگ جائیں، غیر درسی مشاغل سے بالکلیہ احتراز کریں اور اسباق کی پابندی کریں، غیر حاضری ہر گز نہ کریں، غیر حاضری کا اثر سالانہ امتحان میں حاصل کردہ نمبرات پر بھی پڑے گا، چنانچہ مجلس شوریٰ صفرالمظفر۱۴۴۴ھ کی تجویز ہے کہ طلبہ کی غیر حاضری کو سالانہ امتحان میں حاصل ہونے والے نمبرات اور پوزیشن سے جوڑا جائیگا۔اس سلسلہ میں مجلس تعلیمی کی حال ہی میں منعقد ہوئی میٹنگ میں ایک ضابطہ مقرر کردیاگیاہے اور اس کو سال رواں کو لئے حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ کہ جن طلبہ کی سالانہ امتحان تک مجموعی طور پر اسباق میں سوگھنٹوں کی غیر حاضری ہو جائے ان کے سالانہ امتحان کے مجموعی نمبرات میں سے دس نمبر کم کر دیئے جائیں، پھر اس کے بعد ہر پچاس گھنٹوں کی غیر حاضری پر پانچ پانچ نمبرات کم کئے جائیں، یعنی ایک سو پچاس گھنٹوں کی غیر حاضری پر ۱۵؍ نمبرات کم کئے جائیں اور دوسو گھنٹوں کی غیر حاضری پر بیس نمبرات کم کئے جائیں ،علی ہذا القیاس اور بندش طعام کا معمول علی حالہ برقرار ہیگا۔ اور دورہ حدیث شریف کے وہ طلبہ کہ جن کی دفتری اور درسگاہ کی مجموعی غیر حاضری پانچ ہو جائے ان کے سالانہ امتحان کے مجموعی نمبرات میں سے پانچ نمبر کم کر دیئے جائیں اور پھر ہر ایک غیر حاضری پر ایک ایک نمبر کم کیا جائے گا۔مولانا حسین احمد نے طلبہ کو انتباہ دیاکہ سال رواں تاخیر کی بناء پر مذکورہ ضابطہ میں نرمی اختیار کی گئی ہے لیکن آئندہ سال اسے سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور نظام تعلیم کو منظم و بہتر بنانے کے لئے وقتاً فوقتاً اس طرح کے ضابطوں کا اعلان کرتاہے۔