احوال وطن

سی اے اے احتجاج: جمعہ کی نماز سے قبل یوپی پولیس چوکس جگہ جگہ پولیس کا فلیگ مارچ

لکھنؤ: 26؍دسمبر (ذرائع) اترپردیش کے مختلف اضلاع میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی منظوری کے بعد سے حالات بگڑتے جارہے ہیں اورقومی شہریت رجسٹر (این آرسی) اور سی اے اے کی مخالفت میں جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس میں تشدد کی خبریں بھی آئیں۔ ریاست میں گزشتہ جمعہ کی نماز کے بعد لوگوں کی زبردست ناراضگی اور پھر ہنگامہ آرائی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ اس بار پہلے سے محتاط ہے اور وہ اب کسی قسم کا خطرہ مول لینا نہیں چاہتی ہے۔ اسی کے پیش نظر یوپی کے کئی اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات پر پھر سے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دراصل، 27 دسمبر جمعہ کا دن ہے، اس لئے جمعہ کی نماز کے لئے مسلمان مسجدوں میں جمع ہوں گے۔

غازی آباد: لاء اینڈ آرڈر کا حوالہ دیتے ہوئے غازی آباد میں جمعہ کے روز صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند رہیں گی۔  ضلع انتطامیہ نے بتایا کہ آگرہ میں جمعہ کی صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ خدمات کو بند کردیا گیا ہے۔

بلند شہر: بلند شہرمیں بھی لاء اینڈ آرڈرکا حوالے دیتے ہوئے احتیاط کے طورپرجمعرات کی شام پانچ بجے سے 28 دسمبرکی شام 5 بجے تک انترنیٹ خدمات بند کردی گئی ہیں۔

فیروزآباد: سیکورٹی کے پیش نظر فیروزآباد انتظامیہ نے آئندہ احکامات تک ضلع میں انٹرنیٹ خدمات پرایک بار پھر پابندی عائد کردی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقصد یہ ہے کہ شرپسند عناصرسوشل میڈیا پرکسی طرح کی کوئی افواہ نہ پھیلا سکیں۔

گورکھپورمیں سیکورٹی اہلکاروں کا فلیگ مارچ
گورکھپورکے ایس پی سنیل گپتا نے بتایا کہ یہاں سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کو فلیگ مارچ کیا۔ ہم نے لوگوں میں تحفظ کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے فلیگ مارچ کیا۔ گزشتہ جمعہ نمازکے بعد پتھراؤ کے حادثات رونما ہوئے تھے۔ ہم کل کے لئے تیارہیں۔

اشتعال انگیزپوسٹ کرنے کے الزام میں 144 افراد گرفتار

اترپردیش پولیس نے سوشل میڈیا پراشتعال انگیزپوسٹ کرنے کے الزام میں 124 لوگوں کو گرفتارکیا ہے۔ 93 ایف آئی آردرج کی گئی ہیں۔ 19409 سوشل میڈیا پوسٹ پرکارروائی کی گئی ہے۔ 9372 ٹوئٹر، 9856 فیس بک اور181 یوٹیوب پروفائل کوبلاک کردیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×